تحریر: حاجی نواز رضا

وفاقی حکومت اورپی ٹی آئی کے درمیان معاہدہ نہ ہونے پر خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں آگیاتو پی ٹی آئی میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذکی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالی جانے لگی ہے اور خدشہ پیدا ہو گیا ہےکہ کسی بھی وقت پارٹی گروپوں میں منقسم ہوسکتی ہے ۔ یہ صورتحال وفاقی حکومت کیلئے خوش کن ہو سکتی ہے لیکن اپوزیشن کی ایک بڑی جماعت کے اندرونی خلفشارسے جمہوریت کمزور ہو گی، اپوزیشن کمزور ہونے سے آمرانہ قوتوں کو تقویت ملتی ہے پی ٹی آئی کو اس بات کا زعم ہے کہ اسے 25جولائی 2018ء کے انتخابات کے مقابلے میں 8فروری2024ء کے انتخابات میں واضح برتری حاصل ہوئی ہے لیکن عملاًپچھلے اڑھائی سال کے دوران پی ٹی آئی ’’بیلٹ پیپر ‘‘ کے ذریعے واضح برتری کا مظاہرہ نہیں کر سکی۔ اپنے قائد عمران خان کی رہائی کیلئے مطلوبہ دبائوپیدا نہ کر سکی پی ٹی آئی ،لانگ مارچ کے نام پردو تین بار اسلام آباد پر ’’لشکر کشی‘‘ کی ناکام کوشش کی گئی اورمطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پرپی ٹی آئی اندرونی خلفشار کا شکار ہو گئی ہے ۔ حکومت نےپی ٹی آئی کے بانی عمران خان تک اپوزیشن رہنمائوں کی رسائی ناممکن بنا کر اسے لائن آف ایکشن سے محروم کر دیا اور پی ٹی آئی کوئی واضح لائحہ عمل اختیار کرنے میںناکام رہی ۔ عمران خان کی تین سال سے اڈیالہ جیل میں قید تنہائی کے باعث انکی پارٹی پر گرفت کمزور ہو گئی ہے پارٹی واضح طور پر تین چارگروپوں میں منقسم ہو گئی ہے پارٹی میں فاختائوں اور عقاب صفت رہنمائوں کے درمیان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی جنگ جاری ہے’’ عقاب صفت رہنما حکومت کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کی راہ میں سب سے رکاوٹ بن گئے ہیں۔ وفاقی حکومت سے کسی قسم کی’’ ڈیل ‘‘کو کپتان سے ’’غداری‘‘ قرار دیا جا رہا ہے ۔اگرچہ یہ دو سال پرانی کہانی ہے، 25نومبر 2024ء کو عمران خان ڈیل پر تیار ہو گئے تھے لیکن جیل کی سلاخوں کے پیچھے اپنی وڈیو بنانے کے ایشو پر انکی رہائی کا معاملہ لٹک گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پارلیمنٹ کے اجلا س میںپی ٹی آئی میں پائے جانے والے تضادات کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ کے بیان کی تردید بھی نہیںکی گئی۔اسی طرح 27ستمبر2026ء کے لانگ مارچ کو منسوخ کرنے کے نتیجے میں عمران خان کو دیاجانے والا ریلیف محض پارٹی کے ہارڈ لائنرز کی پیشگی شرائط کے باعث نہ مل سکا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور کے پی کے کے سابق وزیر اعلیٰ کے غیر سیاسی طرز عمل کے باعث عمران خان سیاسی ثمرات نہ سمیٹ سکے، اس طرز عمل کے نتیجے میں کے پی کے حکومت کی بساط ہی لپیٹ دی گئی،شنید ہے اب کچھ حاصل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت دوبارہ ہاتھ پائوں مار رہی ہے۔قومی اسمبلی میںقائد محمود خان اچکزئی وفاقی حکومت سے سلسلہ جنبانی شروع کرنےکیلئے عجیب و غریب شرائط عائد کر کےسیاسی مذکرات کی گنجائش محدود کر رہے ہیں انہوںنے وفاقی حکومت سے اپوزیشن کے مذاکرات کے دوران سپیکر چیمبر میں جانے سے انکار کر دیا تھا پھر جب وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طویل مذاکرات کے نتیجے میں معاہدہ ہونے کو تھا تو محمودخان اچکزئی یہ کہہ کر معاہدے سے دستبردار ہو گئے کہ وہ خان سے ملاقات کئے بغیر معاہدے کی توثیق نہیں کر سکتے۔ان کی جانب سے معاہدے کو ویٹو کرنے کے بعد انکی راہ پر سہیل آفریدی بھی چل نکلے یہ واحد سیاسی جماعت ہے جو اپنی غلط سیاسی حکمت عملی کے نتیجے میں اپنے صوبے میں اپنا13سالہ اقتدار کھو بیٹھی ہے۔سہیل آفریدی اب حکومت کی حفاظتی تحویل میں ہیں۔ کے پی کے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف کسی رد عمل کا اظہار نہیں ہوا لیکن اب پی ٹی آئی کے اندر کھسر پھسر شروع ہو گئی ہے۔اگرچہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ محمود خان اچکزئی کو انکے منصب سے ہٹائے جانے کی کسی تحریک کی تردید کرتے ہیں لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ محمود خان اچکزئی کو قائد حزب اختلاف بنانے کے مخالفین ان کے خلاف سرگرم عمل ہو گئے ہیں۔پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاسوں میں کھلم کھلا محمود خان اچکزئی کوتنقید کا نشانہ بنایا جار رہا ہے۔ اچکزئی بھی ان رہنمائوں کے سامنے خم ٹھونک کر کھڑے ہیں اور اس وقت تک قائد حزب اختلاف کے منصب سےمستعفی ہونےسے انکار دیا ہے جب تک خان کی طرف سے کوئی ہدایت موصول نہ ہو ۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کاکہنا ہے کہ پارٹی کے اندرونی اتفاق پر اس وقت غیر جمہوری فیصلہ سازحملہ آورہیں،بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 68 ارکان ایک گروپ کے طور پر عمران خان اور پارٹی کی سیاسی کمیٹی کی اجازت کے بغیر صوبائی صدر اور آئندہ وزیر اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کرنے والے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اسی گروپ نے آخری دنوں میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور انکی ٹیم سے رابطہ منقطع کر کےایمرجنسی اور گورنر راج کی راہ ہموار کی،جنید اکبر خیبر پختونخوا میں پارٹی کے بدستور صدر ہیں۔انکی غیر موجودگی میں صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان قائم مقام صدر ہیں انہوں نے وسوسے پھیلانے والوں کو ’’ سانپ اورسنپولیے‘‘ قراردیا اور کہا کہ ان عناصر کو شکست ہو گی ۔
پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت میں یہ بحث جاری ہے کہ پارٹی محاذ آرائی کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے لچک دار سیاسی حکمتِ عملی اختیار کر کے سیاسی ثمرات سمیٹ سکتی ہے کیونکہ ہارڈ لائنرز کی طرف سے سخت گیر پالیسی اختیار کر کے سیاسی میدان میں پارٹی کیلئے مواقع سکڑ رہے ہیں ۔پارٹی میں لچک دار طرز عمل اختیار کرنے والے عناصرسوشل میڈیا پر چھائے ہوئے یو ٹیوبرز اور وی لاگرز کی ٹرولنگ سے خوفزدہ دکھائی دیتے ہیں اوریو ٹیوبرز اور وی لاگرزکی منشا کے مطابق بیانیہ بنانے پر مجبور ہیں۔