تحریر: حاجی نواز رضا

یہ بات بہت کم لو گوں کے علم میں ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف مریم نواز کو سیاسی میدان میں اتارنے کیخلاف تھے شاید اسکی ایک وجہ یہ تھی پاکستانی سیاست میں عورت کو وہ عزت و توقیر نہیں دی جاتی جس کی وہ مستحق ہے پاکستان میں مخالف سیاسی جماعتوں کی خواتین کی جس طرح کردار کشی کی جاتی ہے الاماںالحفیظ ۔ لیکن بیگم کلثوم نواز مریم نواز کو سیاست میں آنے کی اجازت دلوانے کی سب سے بڑی وکیل تھیں جب میاں نواز شریف وزیر اعظم ہائوس کے’’ خلوت خانے‘‘ میں آتے تو بیگم کلثوم نواز انہیں وہ کالم پڑھ کر سناتیں جن میں مریم نواز کو سیاست میں حصہ لینے کے حق میں رائے دی گئی ہو اس طرح بیگم کلثوم نواز میاں صاحب کے سامنے اپنا کیس جیتنے میں کامیاب ہو گئیں اور مریم نواز کو عملی سیاست میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔ نواز شریف نے سکھر میں موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے جاتے ہوئے مجھے ہوائی جہاز میں بتایا کہ ’’آپ کے وہ کالم جن میں آپ نے مریم نواز کے سیاست میں حصہ لینے کی حمایت کی ہے وہ بیگم کلثوم نواز پڑھ کر سناتی رہتی ہیں ‘‘۔
مجھے چوہدری نثار علی خان نے بھی بتایا ہے کہ انہوں نے بھی مریم نوازکو ملکی سیاست میں حصہ لینے کی اجازت دینے کے حق میں بات کی ۔ یہ الگ بات ہے جب مریم نواز نے عملی سیاست میں حصہ لیا تو چوہدری نثار علی خان نے انکی قیادت میں کام کرنے سے ہی انکار کر دیا اور مسلم لیگ (ن) سے اپنے راستے الگ کر لئے ۔مریم نوازچوہدری نثار علی خان کو اپنا آئیڈیل سمجھتی تھیں اور چوہدری نثا رعلی خان بھی انکی صلاحیتوں کے معترف تھے اب پلوں کے نیچے سے اتنا پانی بہہ گیا ہے اور فاصلے بڑھ گئے ہیں دونوں اپنی ماضی کی ان باتوں کی تصدیق نہیں کریں گے۔ یہی حال شاہد خاقان عباسی کا بھی ہے جب مریم نواز عدالت کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتیں تو وہ ان کیساتھ سائے کی طرح کھڑے ہوتے لیکن جب مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا سینئر نائب صدر بنایا گیا تو وہ بھی مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ گئے۔ مریم نوازکا سیاست کے میدان میں اترنے کا فیصلہ درست تھا 6،7سال کے اندر وہ’’ تخت لہور‘‘ پر براجمان ہوگئیں اب انکی اگلی منزل وزارت عظمیٰ کا منصب ہے ۔ 26 فروری 2024 سے اب تک تقریباً اڑھائی سال میں انہوں نے پنجاب میں وہ کر دکھایا جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ،ان کے چچا شہباز شریف ’’سخت گیر ‘‘حکمران کی شہرت رکھتے ہیںان کے دور میں بیوروکریٹس پنجاب میں تعیناتی سے ہچکچاتے تھے کہ اگر ان سے کوئی غلطی ہو گئی یا کرپشن میں پکڑے گئے تو سیدھا جیل بھجوا دئیے جائیں گے۔ ان کے دور میں دن رات کام کر کے کم از کم مدت منصوبوں کی تکمیل کے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں لیکن ان کی بھتیجی مریم نواز اپنے چچا کا ریکارڈ بھی توڑنے پر تلی ہیں۔دلچسپ امر یہ ہے جہاں اڑھائی سال کی مدت میں مریم نواز کی حکو مت نے ہر میدان میں تمام صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے وہاں انہیں ’’اپنوں اور پرایوں‘‘ کی جانب سے سب سے زیادہ تنقید کا سامنا پڑ رہا ہے انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سرکاری استعمال کیلئے نیا جہاز کیا خرید لیا ان کیخلاف ایک طوفان بد تمیزی برپا کر دیا گیا ان کی کارکردگی کو نئے جہاز کی خریداری کی دھول میں لپیٹ دینے کی کوشش کی گئی ۔ لیکن مریم نواز بھی ناقدین کے سامنے ڈٹ گئیں اور کہا کہ ’’میں نے نیا جہازہی خریدا ہے لیکن اسے اپنے گھر نہیں لے جائوں گی ‘‘ پھر لندن کے نجی دورے پر دھول اڑائی گئی تو انہوں نے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کر کے ناقدین کو خاموش کرا دیا ۔ عوامی سروے کے مطابق مریم نواز شریف پنجاب میں اس وقت سب سے زیادہ مقبول وزیر اعلیٰ ہیں – 10 میں سے 7 افراد انکی کارکردگی سے مطمئن ہیں لیکن یہ مقبولیت ترقیاتی منصوبوں ، انتظامی اصلاحات کی وجہ سے ہے ،روزگار اور مہنگائی پر عوام کی اکثریت نالاں ہے ۔ مریم نواز کو پنجاب اسمبلی کی بھاری اکثریت کی حمایت حاصل ہے اگر ان کو کسی غیر جمہوری طریقے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی تو وہ بے نظیر بھٹو سے زیادہ سخت جان لیڈر ثابت ہوں گی ۔ اپریل 2026 میں انسٹیٹیوٹ آف پبلک اوپینین نے مریم نواز کی حکومت کی دوسالہ کارکردگی بارے سروے کیا جس کے مطابق 69فیصد لوگ مریم نوازکی قیادت سے مطمئن نظر آئے65فیصد نے کہا کہ پنجاب صحیح سمت میں جا رہا ہے55فیصد نے کہا کہ وہ کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ ووٹ دیں گے جبکہ 69فیصدنے سب سے پسندیدہ منصوبہ ستھرا پنجاب قرار دیا ہے – 33 فیصدلوگوں نے اسے نمبر 1پوزیشن دی 57فیصد نے کہا گورننس پچھلے سالوں سے بہترہے 60 فیصدنے کہا مریم نوازکی حکومت باقی 3وزرائے اعلیٰ سے بہتر ہے 66فیصد نے سب سے بڑی ناکامی بےروزگاری بتائی ہے یہی 63فیصد لوگ حکومت سے ناراض بھی ہیں۔ گیلپ پاکستان نے فروری- مارچ 2025 ءمیں کے پی کے میں سروے کیا تو کے پی کے 50فیصد افراد نے پی ٹی آئی حکومت کے مقابلے میں مریم نوا زحکومت کو بہتر قرار دیا تھا ۔جبکہ مخالفین کہتے ہیں کہ یہ سروے حکومت کرواتی ہے لہذا اسکی غیر جانبداری پر سوال ہے ۔ حکومت پنجاب کا دعویٰ ہے کہ اس نے 719 ارب روپے کا گندم کا پرانا قرضہ ختم کر دیا پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 2025-26 میں ‘زیرو کموڈٹی لون ‘ہوا ہے – اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت 2 لاکھ 14 ہزار گھروں کو بلا سود قرضہ دیا گیا، ستھرا پنجاب شاندار پروگرام ہے لیکن ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں میں کرپشن کی کہانیاں بھی زبان زد عام ہیں ان پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں 2015ء کے بعد بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے۔ اربوں روپے کے بلدیاتی فنڈز بیوروکریسی کے ذریعے خرچ ہو رہے ہیں سیاسی مخالفین ہر منصوبے پر مریم نواز کی تصویرپر بھی نکتہ چینی کرتے ہیں، مریم نوازروزانہ 12گھنٹے تک کام کرتی ہیں لیکن انہوں نے 7کلب روڈ کو ’’عوام و خواص‘‘ کیلئے بند کررکھا ہے منتخب ارکان کو ان سے سب سے بڑی شکایت رسائی کا نہ ہونا ہے وہ پوری حکومت بیورو کریسی کے ذریعے چلا رہی ہیں منتخب ارکان کی پسند ناپسند کی پروا کئے بغیر اپنی مرضی سےافسران تعینات کر رہی ہیں۔