راولپنڈی: ڈاکٹر یوسف عالمگیرین کی چھوٹی بیٹی نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے 23ویں کانووکیشن میں بی ایس ماس کمیونیکیشن کی ڈگری کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کرلیا، جبکہ انہیں ایک غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے سپانسر کردہ دوسرا میڈل بھی دیا گیا۔

کانووکیشن کی تقریب میں سینئر وفاقی وزیر احسن اقبال چوہدری مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں اسناد اور اعزازات تقسیم کیے۔

ڈاکٹر یوسف عالمگیرین نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ لمحہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ انہوں نے خود جامعہ پنجاب لاہور سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کیا اور بعد ازاں دوران ملازمت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، جبکہ اب ان کی بیٹی نے بھی اسی شعبے میں تعلیم مکمل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چند برس قبل ان کی بڑی بیٹی نے بھی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی سے بی ایس انگلش مکمل کیا تھا۔

کانووکیشن کے بعد اہل خانہ نے صدر راولپنڈی کے ایک میس میں کافی کے دوران خوشی کے لمحات گزارے، جہاں بیٹی نے میس کے لان میں یادگار تصاویر بھی بنوائیں۔

ڈاکٹر یوسف عالمگیرین نے کہا کہ بچوں کی کامیابیاں والدین کے لیے ناقابل فراموش خوشی اور فخر کے لمحات ہوتی ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ وہ اپنے خاندان کو ہمیشہ اپنے کرم اور رحمت کے سائے میں رکھے۔ آمین۔