اسلام آباد: نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیاسی قومی اُمور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اپنے وکیل کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جٹسز کے نام خط بہت اہم اور سیاسی قیادت کے ساتھ جیل میں روا رکھی جانے والی سختیوں، علاج معالجے کی سہولیات سے محرومی اور انصاف کے حصول میں رُکاوٹوں کی چشم کُشا نشان دہی ہے۔ سیاست، جمہوریت، انسانیت، ہارڈ اسٹیٹ ڈاکٹرائین کی بھینٹ نہ چڑھائی جائے۔ آئین، قانون اور انسانی حقوق کے دائروں میں سابق وزیراعظم عمران خان جن حقوق اور سہولتوں کے حق دار ہیں عدلیہ اُنہیں یقینی بنائے، حکومتیں اور عدالتیں خصوصاً تمام گرفتار خواتین کی رہائی کا بندوبست کریں۔
لیاقت بلوچ نے منصورہ میں بلوچستان، خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب اور وکلاء کے وفود سے ملاقات اور جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں ارشد چوہدری، امجد چوہدری کے بیٹوں کی ولیمہ تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی قیادت کے عالمی دورے، سفارتی تنہائی کو ختم کرنے کے اقدامات، عالمی فورمز پر سفارتی کوششیں بہت اچھی بھی ہوں لیکن یہ عمل مسائل کا کامل حل نہیں، اندرونی محاذ پر سیاسی، معاشی استحکام ناگزیر ہے۔ نظام کے زوال اور تباہی نیز ‘ری سیٹ’ کی بھی وزراء نشاندہی کررہے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر اہم حکومتی عہدیداروں کے الگ الگ انجینئرڈ بیانئے اور اتحادی حکومت میں مسلم لیگ ن اور پی پی پی کی مسلسل نُوراکُشی حالات کو مزید گھمبیر اور تباہ کررہے ہیں۔ ملک میں حکومتوں کی رِٹ نہیں اور حکومتوں پر پارٹیوں کی بھی کوئی گرفت نہیں۔ آئین پر عملدرآمد، آزاد عدلیہ، سیاسی بحرانوں کے خاتمہ اور معاشی استحکام کےلئے سنجیدہ اقدامات اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے آئین کے مطابق تعلقاتِ کار ملک کی ضرورت ہے۔
لیاقت بلوچ نے بلوچستان اور خیبرپختوںخوا میں مسلسل دہشت گرد حملوں اور سکیورٹی فورسز، پولیس افسران و جوانوں کی شہادتیں باعثِ غم اور پوری قوم کا فخر ہیں۔ یہ امر قابلِ تشویش ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج، ایمرجنسی کے نفاذ کو 35 دن ہوگئے، انتظامیہ، مقننہ، عدلیہ پر مکمل ریاستی بالادستی اور کنٹرول ہے لیکن کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں ہولناک دہشت گرد حملوں نے پوری قوم کو بڑی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ سونا تلاش کرنے والے پرائیویٹ کنٹریکٹرز کو بےدخل کردیا گیا ہے، ہزاروں محنت کش بےروزگار ہوگئے، کیا اِس اقدام سے بےروزگاروں کو دہشت گرد مائنڈ سیٹ کےلئے ترنوالہ بنادیا گیا ہے؟ درست اقدام کریں لیکن حکمت اور پائیداری کے اُصول کو قائم رکھا جائے، بلاتاخیر میرٹ پر پرائیویٹ کنٹریکٹ دیئے جائیں۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکار دہشت گردوں کا ٹارگٹ ہیں، پولیس نسبتاً آسان ٹارگٹ ہے، اس لئے پولیس فورس کو ضروری وسائل، بکتر بند گاڑیاں، حفاظتی ساز و سامان، تاریکی میں دیکھنے والے آلات اور انٹیلی جنس فوجی معاونت یقینی بنائے جائیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ صوبوں یا انتظامی یونٹس میں اضافے اضلاع میں بااختیار بلدیاتی نظام کا متبادل نہیں۔ ضلعی سطح پر میٹروپولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، تحصیل کونسل اور یونین کونسل بذاتِ خود مستقل انتظامی یونٹس ہیں، انہیں ہر حال میں قائم، مستحکم اور بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔ اسلام آباد کے عوام سے نئے نئے نظاموں کا لالی پاپ دیکر فراڈ کا کِھلواڑ کیا جارہا ہے۔ حکومت اسلام آباد کے انتخاب سے بھاگ گئی ہے۔ #