لاہور: گورنر ہاؤس لاہور میں المصطفیٰ ٹرسٹ کے زیر اہتمام 25 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان مہمان خصوصی جبکہ ڈاکٹر سعید الٰہی مہمان اعزاز کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، ججز، سیاست دانوں، صحافیوں، علمائے کرام اور دیگر معززین نے شرکت کی اور نئے جوڑوں کو ازدواجی زندگی کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر سعید الٰہی نے المصطفیٰ ٹرسٹ کی فلاحی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق خاندانوں کی مدد، ان کی بیٹیوں کی شادیوں کے انتظامات اور معاشرے میں خوشیاں بانٹنا قابل تحسین انسانی خدمت ہے۔
انہوں نے نئے جوڑوں کے لیے خوشیوں، محبت، سکون اور آسودگی سے بھرپور ازدواجی زندگی کی دعا کی اور اس نیک اقدام میں حصہ لینے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر سعید الٰہی نے تقریب میں اپنی والدہ محترمہ کی شرکت کو بھی اپنے لیے باعث مسرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے خوبصورت لمحات نہ صرف خوشیاں بانٹتے ہیں بلکہ معاشرے میں محبت، ہمدردی اور باہمی تعاون کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام نئے جوڑوں کے نصیب اچھے فرمائے، ان کے گھروں کو محبت، رحمت، برکت اور خوشیوں سے آباد رکھے، المصطفیٰ ٹرسٹ کی اس نیک کاوش کو قبول فرمائے اور اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام افراد کو بہترین اجر عطا کرے۔ آمین۔