لاہور: برصغیر کی فلمی اور کلاسیکی موسیقی میں اپنی منفرد شناخت بنانے والے عظیم موسیقار، ہدایت کار اور دانشور خواجہ خورشید انور کو دنیا سے رخصت ہوئے کئی دہائیاں گزر گئیں، لیکن ان کی تخلیق کردہ لازوال دھنیں آج بھی موسیقی کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ باقاعدہ ساز بجانے کے ماہر نہیں تھے بلکہ ماچس کی ڈبیا کو انگلی سے ایک خاص انداز میں بجا کر اپنی دھنوں کی بنیاد تیار کیا کرتے تھے۔

خواجہ خورشید انور 21 مارچ 1912 کو میانوالی کے محلہ بلوخیل میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق کسی موسیقی کے گھرانے سے نہیں تھا، تاہم گھر میں کلاسیکی موسیقی کی محفلوں اور ریکارڈز کے وسیع ذخیرے نے بچپن ہی سے ان کے اندر موسیقی کا شوق پیدا کیا۔ انہوں نے استاد توکل حسین خان سے موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔

تعلیم کے میدان میں بھی خواجہ صاحب غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک تھے۔ 1935 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ایم اے کا امتحان اول پوزیشن کے ساتھ پاس کیا، لیکن تقسیمِ انعامات کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کے باعث اپنا گولڈ میڈل وصول کرنے نہیں پہنچے۔ اگلے برس 1936 میں انہوں نے انڈین سول سروس (آئی سی ایس) کے مقابلے کے تحریری امتحان میں پورے ہندوستان میں پہلی پوزیشن حاصل کی، تاہم انٹرویو میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ان کے بارے میں بیان کیا جاتا ہے کہ تحریکِ آزادی کے دوران انقلابی سرگرمیوں سے روابط اور گرفتاری بھی ان کی سول سروس میں شمولیت کی راہ میں رکاوٹ بنے۔

1939 میں انہوں نے آل انڈیا ریڈیو دہلی میں میوزک پروڈیوسر کی حیثیت سے کام شروع کیا۔ 1941 میں پنجابی فلم ’’کڑمائی‘‘ سے فلمی موسیقی کے سفر کا آغاز کیا، تاہم 1943 میں فلم ’’اشارہ‘‘ کی موسیقی نے انہیں برصغیر میں نمایاں شہرت دلائی۔ 1947 میں انہوں نے فلم ’’پروانہ‘‘ کی موسیقی ترتیب دی، جس میں معروف گلوکار کے ایل سہگل نے اپنی زندگی کے آخری گیت ریکارڈ کروائے۔

1949 میں انہیں موسیقی کے شعبے میں کلیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1952 میں پاکستان آنے کے بعد انہوں نے یہاں کی فلمی موسیقی کو نئی جہت عطا کی۔ 1956 میں فلم ’’انتظار‘‘ کی موسیقی نے انہیں پاکستان میں غیر معمولی شہرت دلائی۔ اس فلم کے گیتوں نے ملکہ ترنم نورجہاں کی فنی زندگی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

خواجہ خورشید انور کی ترتیب دی گئی مقبول دھنوں میں ’’دل کا دیا جلایا‘‘، ’’مجھ کو آواز دے تو کہاں ہے‘‘، ’’رم جھم رم جھم پڑے پھوار‘‘، ’’جس دن سے پیا دل لے گئے‘‘، ’’آگئے گھر آگئے بلم پردیسی‘‘، ’’او جانے والے رے‘‘، ’’چھن چھن ناچوں گی‘‘، ’’سن ونجھلی دی مٹھڑی تان وے‘‘ اور ’’زلفاں دی ٹھنڈی ٹھنڈی چھاں ڈھولنا‘‘ جیسے گیت شامل ہیں۔

انہوں نے مجموعی طور پر 18 فلموں کی موسیقی ترتیب دی، جن میں 15 اردو اور تین پنجابی فلمیں شامل تھیں۔ ’’مرزا صاحباں‘‘، ’’زہر عشق‘‘، ’’جھومر‘‘، ’’کوئل‘‘، ’’ایاز‘‘، ’’گھونگھٹ‘‘، ’’حویلی‘‘، ’’چنگاری‘‘، ’’ہیر رانجھا‘‘ اور ’’شیریں فرہاد‘‘ ان کی نمایاں فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔ موسیقی کے ساتھ انہوں نے فلم سازی اور ہدایت کاری کے شعبے میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

خواجہ خورشید انور کا ایک اہم علمی و فنی کارنامہ ’’آہنگِ خسروی‘‘ ہے، جو 30 لانگ پلے ریکارڈز پر مشتمل ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے برصغیر کی کلاسیکی موسیقی کے 90 راگ محفوظ کیے گئے۔ اس کے علاوہ ’’راگ مالا‘‘ بھی ان کا ایک اہم کام ہے، جسے کلاسیکی موسیقی کے ورثے کے تحفظ میں نمایاں اہمیت حاصل ہے۔

ان کی علمی و ادبی شخصیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ فیض احمد فیض ان کے فن اور موسیقی سے متاثر تھے۔ خواجہ صاحب کو 1980 میں ستارۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا، جبکہ ریڈیو پاکستان کی شناختی دھن بھی ان کی تخلیق کردہ ہے۔

خواجہ خورشید انور 30 اکتوبر 1984 کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ اپنے پیچھے ایسا موسیقی کا خزانہ چھوڑ گئے جو آج بھی برصغیر کے فن اور ثقافت کا اہم حصہ ہے۔ ان کی زندگی اس حقیقت کی مثال ہے کہ غیر معمولی تخلیقی صلاحیت، علم اور فن سے محبت انسان کو تاریخ میں ہمیشہ کے لیے زندہ رکھ سکتی ہے۔