مصری دارالحکومت قاہرہ کے مشہور میدانِ رمسيس میں ایک کم عمر بچہ جوتے پالش کرکے روزی کماتا تھا۔ ایک روز اس کے سامنے ایک غیر ملکی شخص اپنے جوتے پالش کرانے کے لیے رکا۔ بچے نے حسبِ معمول اس کی طرف دیکھا، مسکرایا اور کہا: ’’السلام علیکم!‘‘ بظاہر یہ ایک عام سا جملہ تھا، مگر اس نے اس اجنبی کے ذہن میں سوالات کا ایسا سلسلہ شروع کر دیا جس نے اس کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ وہ شخص برطانوی شہری اور مشہور مذہبی شخصیت جان (John) تھے، جو سابق کیتھولک پادری تھے، جنہوں نے مذہبی تعلیم ویٹی کن سٹی سے حاصل کی تھی۔

جان بعد میں ادریس توفیق کے نام سے مشہور ہوئے۔ انہوں نے خود مختلف انٹرویوز میں اس واقعے کا ذکر کیا ہے۔ ان کے بقول اس وقت اسلام کے بارے میں ان کی معلومات مغربی ذرائع ابلاغ کے پیش کردہ تصور تک محدود تھیں۔ وہ اسلام کو تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی سے جوڑ کر دیکھتے تھے۔ لیکن ایک مسلمان بچے کی مسکراہٹ اور اس کے منہ سے نکلنے والے لفظ ’’السلام علیکم‘‘ نے انہیں سوچنے پر مجبور کر دیا کہ آخر یہ کیسا مذہب ہے جس کی ابتدا ہی سلامتی کے پیغام سے ہوتی ہے؟ انہوں نے اپنے آپ سے سوال کیا کہ اگر اسلام کی تعلیمات کا آغاز سلام سے ہوتا ہے تو پھر اس مذہب کے بارے میں اتنا منفی تاثر کیوں پایا جاتا ہے؟

یہی سوچ ان کے لیے اسلام سے تعارف کا نقطۂ آغاز بن گئی۔ تاہم ان کے قبولِ اسلام کا سفر صرف اسی ایک ملاقات تک محدود نہیں تھا۔ مصر میں قیام کے دوران انہوں نے مسلمانوں کو قریب سے دیکھا، ان کے معمولات کا مشاہدہ کیا، اذان سنی اور لوگوں کو کاروبار اور روزمرہ مصروفیات چھوڑ کر نماز کے لیے مسجد کا رخ کرتے دیکھا۔ ان کے مطابق قاہرہ میں گزارا گیا ایک ہفتہ ان کی زندگی پر گہرا اثر چھوڑ گیا۔ انہوں نے محسوس کیا کہ جن مسلمانوں کے بارے میں وہ منفی تصورات رکھتے تھے، وہ عام زندگی گزارنے والے نرم خو اور اپنے مذہب سے گہری وابستگی رکھنے والے لوگ ہیں۔

پادری اسلام کی تلاش میں:

ادریس توفیق برطانیہ کے رہنے والے تھے۔ انہوں نے تقریباً پندرہ برس ایک کیتھولک مذہبی ادارے سے وابستہ رہ کر خدمات انجام دیں اور بعد ازاں روم میں پادری بننے کی تعلیم حاصل کی۔ وہ کچھ عرصہ پادری بھی رہے، لیکن بالآخر کلیسائی ذمہ داریوں سے الگ ہوگئے۔ اس کے بعد وہ مصر کے ساحلی شہر غردقہ (Hurghada) کی سیر کے لیے آئے تھے۔ وہاں سے قاہرہ پہنچے تو مسلمانوں کی زندگی، عبادات اور معاشرتی رویوں نے انہیں اسلام کے بارے میں مزید جاننے کی طرف مائل کیا۔

برطانیہ واپس جاکر انہوں نے ایک سیکنڈری اسکول میں مذہبیات پڑھانا شروع کر دیں۔ ان کے شاگردوں میں مسلمان بچے بھی شامل تھے۔ ان سے میل جول اور اسلام کے بارے میں مطالعے نے ان کی دلچسپی بڑھائی۔ وہ اپنے شاگردوں کے ساتھ رمضان میں روزے بھی رکھتے رہے۔ قرآن مجید کی تلاوت اور اس کے پیغام نے بھی ان پر اثر ڈالا۔ ان کے مطابق جب وہ اپنے طلبہ کو قرآن کی آیات پڑھ کر سناتے اور ان میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا نام آتا تو ان کے دل پر خاص کیفیت طاری ہوتی تھی۔

ان کے قبولِ اسلام کے سفر میں ایک اور اہم موڑ اس وقت آیا جب لندن کی سینٹرل مسجد میں ان کی ملاقات معروف برطانوی مسلمان مبلغ اور سابق گلوکار یوسف اسلام (سابقہ نام کیٹ اسٹیونز) سے ہوئی۔ ادریس نے ان سے پوچھا کہ مسلمان بننے کے لیے کیا کرنا ہوتا ہے؟ یوسف اسلام نے انہیں بتایا کہ اللہ کی وحدانیت پر ایمان، پانچ وقت کی نماز اور رمضان کے روزے اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہیں۔ ادریس نے جواب دیا کہ وہ ان باتوں پر پہلے ہی یقین رکھتے ہیں اور اپنے مسلمان شاگردوں کے ساتھ روزے بھی رکھ چکے ہیں۔ اس پر یوسف اسلام نے پوچھا کہ پھر انہیں مسلمان بننے سے کون سی چیز روک رہی ہے؟

اسی دوران نماز کا وقت ہوگیا اور مسجد میں نمازی صفیں باندھنے لگے۔ ادریس پیچھے بیٹھ گئے اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔ وہ خود بیان کرتے ہیں کہ اس لمحے انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنے آپ سے کیا چھپا رہے ہیں۔ بالآخر نماز کے بعد انہوں نے کلمۂ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کرلیا۔ مختلف انٹرویوز میں انہوں نے اپنے قبولِ اسلام کے سفر کی تفصیلات بیان کیں، جن سے واضح ہوتا ہے کہ مصری بچے کی سلام والی صدا نے ابتدا کی، جبکہ مصر میں مسلمانوں کا مشاہدہ، قرآن سے تعارف اور دیگر ملاقاتوں نے تبدیلی کے اس روحانی سفر کو آگے بڑھایا۔

ادریس توفیق نام کیوں رکھا؟

اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنے لیے ’’ادریس توفیق‘‘ کا نام منتخب کیا۔ ادریس اللہ تعالیٰ کے ایک جلیل القدر نبی کا نام ہے، جبکہ توفیق عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی اللہ کی مدد سے درست راستہ پانے اور کامیابی حاصل کرنے کے ہیں۔ وہ نئے مسلمان ہونے کو محض ایک مذہب سے دوسرے مذہب کی طرف منتقلی نہیں بلکہ فطرت کی طرف واپسی قرار دیتے۔ ان کے نزدیک اسلام انسان کو اس کی اصل فطرت اور ایک اللہ کی بندگی کی طرف بلاتا ہے۔

ادریس توفیق نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنی زندگی دعوت و تبلیغ کے لیے وقف کر دی۔ وہ غیر مسلموں کے سامنے اسلام کا تعارف پیش کرتے، عیسائی مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے اور مغربی معاشروں میں اسلام کے بارے میں پائے جانے والے غلط تصورات کو دور کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو دوسروں کو اسلام کی دعوت دینے سے پہلے اپنے کردار اور عمل سے اس کی حقیقی تصویر پیش کرنی چاہیے۔ ایک مسلمان کا اچھا اخلاق اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک دعوت کا نہایت مؤثر ذریعہ ہے۔

بعد میں وہ مصر منتقل ہوگئے۔ جامعہ ازہر سے وابستہ تدریسی اور دعوتی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور دنیا کے مختلف ملکوں میں اسلام کے موضوع پر گفتگو کرتے رہے۔ انہوں نے غیر مسلم قارئین کے لیے اسلام کی بنیادی تعلیمات پر کتابیں بھی لکھیں۔ ان کی کوشش تھی کہ مغرب کے لوگ اسلام کو محض خبروں اور سیاسی واقعات کی عینک سے دیکھنے کے بجائے اس کی اصل تعلیمات کو سمجھیں۔

دعوت کا اصل طریقہ؟

ادریس توفیق کی زندگی کا یہ واقعہ مسلمانوں کے لیے بھی ایک اہم سبق رکھتا ہے۔ وہ بارہا اس مصری بچے کا ذکر کرتے اور کہتے کہ اس نے محض مسکرا کر سلام کیا، لیکن اس کے اس معمولی سے عمل نے ایک غیر ملکی شخص کے ذہن میں اسلام کے بارے میں موجود منفی تصور کو بدلنے کی ابتدا کر دی۔ یہ بچہ اس لیے قابلِ قدر تھا کہ اس نے کسی تقریر یا بحث کے بغیر اپنے رویے سے اسلام کی ایک خوبصورت جھلک دکھا دی۔ مسلمان جب کسی غیر مسلم کو اسلام کی دعوت دیں تو انہیں اپنے کردار، گفتگو اور معاملات میں اسلام کی تعلیمات کا عملی نمونہ بننا چاہیے۔ اگر مسلمان اپنے دین کی درست تصویر پیش کریں تو بہت سے غلط فہمیاں خود بخود دور ہوسکتی ہیں۔ ادریس مغربی معاشرے اور اسلامی دنیا کے درمیان رابطے کا ذریعہ بن گئے، کیونکہ وہ دونوں ثقافتوں کو سمجھتے تھے اور جانتے تھے کہ مغربی ذہن میں اسلام کے بارے میں کون سے سوالات اور خدشات پائے جاتے ہیں۔

ادریس توفیق 17 فروری 2016ء کو علالت کے بعد برطانیہ میں انتقال کرگئے۔ اگلے دن برطانیہ کے علاقے سرے (Surrey) میں واقع بروک ووڈ قبرستان (Brookwood Cemetery) میں ان کے جسد خاکی کو لحد کے سپرد کیا گیا۔ ان کے مداحوں اور دوستوں نے بعد میں قبر پر کتبہ لگوانے کے لیے چندہ مہم بھی شروع کی، کیونکہ قبر پر کوئی نمایاں کتبہ موجود نہیں تھا اور زائرین کے لیے اسے تلاش کرنا مشکل تھا۔ اس مہم کے منتظمین عمر پیرس اور رحیم اسٹیلزر تھے اور مجموعی طور پر تقریباً 1560 پاؤنڈ جمع ہوئے۔

ادریس توفیق کی زندگی کا سفر ایک ایسے مصری بچے کی مسکراہٹ اور ’’السلام علیکم‘‘ سے شروع ہوا تھا، جس کا نام دنیا کو معلوم نہ ہوسکا۔ لیکن اس بچے کی مختصر سی ملاقات نے ایک سابق پادری کو اسلام کا داعی بنا دیا۔ اللہ تعالیٰ غریقِ رحمت فرمائے۔

حوالہ جات:

(1) روزنامہ الجریدہ، کویت، 10 جولائی 2014ء، روزنامہ آئرش ٹائمز، 11 اگست 2006ء۔

(2) آئرش ٹائمز کا ادریس توفیق سے انٹرویو، اسلام ریلیجن ویب سائٹ پر ان کی اپنی گفتگو۔

(3) نیٹ ورک الالوکہ کا ادریس توفیق سے انٹرویو، 5 مئی 2013ء، About Islam پر ان کی اپنی تحریر۔

(4) About Islam کی سوانحی تحریر، 14 اگست 2022ء۔

(ضیاء چترالی، روشنی کے مسافر جلد دوم سے اقتباس)