اسلام آباد: پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے تجارت، ڈیجیٹل معیشت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، سائبر خطرات اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کے درمیان جمعرات کو اسلام آباد میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں فریق باہمی تعاون کے وسیع امکانات کو عملی کامیابیوں میں تبدیل کرنے کے لیے یکساں عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1993 سے آسیان کا سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر ہے اور امید ہے کہ یہ دورہ پاکستان کو مستقبل میں تنظیم کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بنانے کی کوششوں کو آگے بڑھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جانب چیمبرز آف کامرس اور جامعات کے درمیان روابط مضبوط بنانے، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ، توانائی کی فراہمی میں رکاوٹوں اور سائبر خطرات جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔
اسحاق ڈار نے آسیان کے سیکرٹری جنرل کو غزہ کی انسانی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تنازع کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل، سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر غیر مؤثر بنانے کے بھارتی اقدام اور افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر قائم ہیں۔ انہوں نے محفوظ سمندری راستوں اور بلاتعطل سپلائی چینز کو علاقائی معیشتوں کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری پر زور دیا۔
آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ پاکستان اور آسیان تقریباً 95 کروڑ افراد پر مشتمل بڑی منڈی اور 4.6 ٹریلین ڈالر سے زائد مجموعی معیشت کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق 2025 میں پاکستان اور آسیان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 10.29 ارب ڈالر رہا، تاہم سرمایہ کاری، فضائی روابط اور بندرگاہوں کے رابطوں میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسیان کی ڈیجیٹل معیشت گزشتہ سال 305 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ مستقبل میں اس کے 2 ٹریلین ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے۔ پاکستان اس تیزی سے ترقی کرتی معیشت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے قابل تجدید توانائی، شمسی توانائی، حلال صنعت، پائیدار زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت اور غربت کے خاتمے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور پاکستان کو آسیان کے اداروں سے تربیت، استعداد کار میں اضافے اور تجربات کے تبادلے کے لیے مزید استفادہ کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے آسیان ریجنل فورم اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دہشت گردی، پرتشدد انتہا پسندی، انسانی اسمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آسیان سیکرٹری جنرل نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کا خیرمقدم کیا اور تمام محاذوں پر فوری جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2028 میں پاکستان اور آسیان کے درمیان سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے قیام کی 35ویں سالگرہ دونوں فریقوں کے لیے تعاون کو مزید مستحکم اور عوامی سطح پر فائدہ مند بنانے کا اہم موقع ہوگی۔