اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے طرز کی جدید اور کشادہ شاہراہ میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نمایاں ریلیف ملے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ سوئی گیس کی پائپ لائن کی منتقلی کے باعث منصوبے میں تاخیر ہوئی، کیونکہ پائپ لائن 30 اکتوبر کو منتقل ہونا تھی اور اس وجہ سے تعمیراتی کام شروع نہیں ہو سکا تھا۔ تاہم اب یہ رکاوٹ دور ہو چکی ہے اور منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ آئندہ 60 روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد کی جانب ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور پنڈورہ سمیت ملحقہ علاقوں سے آنے والے شہریوں کو ٹریفک کے دباؤ سے نجات ملے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس شاہراہ کو مزید آگے تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس سے آمد و رفت کی سہولیات بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔