ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ میں جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین ارکان کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، جہاں حزب اختلاف کی رکن پارلیمنٹ محبوبہ حکیم اپنی مؤثر تقاریر اور پارلیمانی انداز کے باعث نمایاں حیثیت اختیار کر گئی ہیں۔ عابد حسین دستی کے مطابق ان کی کارکردگی بی این پی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی 37 خواتین ارکان کے مقابلے میں بھی زیادہ مؤثر دکھائی دیتی ہے۔
اپنے تجزیے میں عابد حسین دستی نے لکھا کہ جماعت اسلامی نے خواتین کی مخصوص نشستوں میں سے ایک نشست مولانا مامون الحق کی جماعت خلافت مجلس کو دی تھی، جس پر محبوبہ حکیم کو منتخب کیا گیا۔ ان کے بقول یہ فیصلہ پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کی خواتین کی مؤثر نمائندگی کے حوالے سے قابلِ تحسین ثابت ہوا ہے۔
تحریر میں بی این پی کی خواتین ارکان کی پارلیمانی تقاریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بعض ارکان ایوان میں کاغذ سے تحریر پڑھ کر تقریر کرتی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کی خواتین ارکان اپنا مؤقف زیادہ اعتماد اور مؤثر انداز میں پیش کر رہی ہیں۔
عابد حسین دستی نے بی این پی کے رکن پارلیمنٹ منیرال حق کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے جماعت اسلامی کی خواتین ارکان کے لباس اور حجاب پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کی شناخت سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔ تحریر میں اس طرزِ گفتگو کو خواتین ارکان کے احترام اور پارلیمانی ماحول کے تناظر میں قابلِ غور قرار دیا گیا ہے۔