دیر: کرپشن اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کے دور میں جماعت اسلامی کے مرحوم رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد یعقوب خان کی دیانتداری کا ایک منفرد واقعہ آج بھی لوگوں کے لیے مثال بن گیا ہے، جنہوں نے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد سفری اخراجات کی مد میں صرف تین روپے کا بل پیش کیا۔
1970ء کی دہائی میں ایک مرتبہ ڈاکٹر محمد یعقوب خان اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد سفری اخراجات کا بل جمع کرانے پہنچے تو ان کے صرف تین روپے کے بل پر عملے نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ اتنا کم خرچ کیسے ہوا؟
اس پر ڈاکٹر محمد یعقوب خان نے بتایا کہ وہ تیمرگرہ سے پشاور تک ایک واقف کار کی گاڑی میں سفر کرکے آئے، رات جماعت اسلامی کے دفتر میں قیام کیا اور صبح دفتر سے اسمبلی ہال تک ویگن میں سفر کیا، جس کا کرایہ تین روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہی ان کا اصل سفری خرچ ہے اور انہوں نے اسی رقم کا بل پیش کیا ہے۔
مرحوم ڈاکٹر محمد یعقوب خان دیر کے ایک عظیم سپوت تھے، جو 1970ء سے 1990ء تک کئی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور بعد ازاں ضلعی ناظم کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
تقریباً چار دہائیوں تک مختلف عوامی عہدوں پر فائز رہنے کے باوجود انہوں نے پشاور میں اپنا ذاتی گھر نہیں بنایا، جو ان کی سادگی، اصول پسندی اور عوامی خدمت سے وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔
مرحوم کی یہ داستان سرکاری عہدوں پر دیانتداری، سادگی اور قومی وسائل کے تحفظ کی ایک قابلِ تقلید مثال کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ ڈاکٹر محمد یعقوب خان مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور ان کی نیکیاں قبول فرمائے۔ آمین۔