اسلام آباد: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فضیلہ قاضی اور نامور اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر قیصر خان نظامانی کی جوڑی تین دہائیوں سے زائد عرصے سے محبت، اعتماد اور وفاداری کی خوبصورت مثال بنی ہوئی ہے۔

فضیلہ قاضی اور قیصر خان نظامانی 1993 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ دونوں کی محبت کا آغاز پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سے ہوا، جہاں فضیلہ نے قیصر کو سندھی ڈراموں میں اداکاری کرتے دیکھا۔ بعد ازاں ایک پروگرام میں مشترکہ میزبانی کے دوران دونوں کی دوستی پروان چڑھی، جو وقت کے ساتھ محبت میں بدل گئی۔

قیصر خان نظامانی نے فضیلہ قاضی کے گھر پھول لے کر آنا شروع کیے اور بعد میں باقاعدہ طور پر ان کے والدین کے ذریعے رشتہ بھیجا، جس کے بعد دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

اس جوڑے کے دو بیٹے احمد اور زوریز ہیں اور دونوں ایک خوشگوار خاندانی زندگی گزار رہے ہیں۔

فضیلہ قاضی نے روزی، کسک، دشت، خدا اور محبت اور دریچہ سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ قیصر خان نظامانی نے اداکاری، ہدایت کاری اور پروڈکشن کے شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

شادی کے 30 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود دونوں کی جوڑی پاکستانی شوبز انڈسٹری میں محبت، احترام اور باہمی اعتماد کی ایک خوبصورت مثال سمجھی جاتی ہے۔