اسلام آباد: معروف پاکستانی کامیڈین اور اداکار افتخار ٹھاکر اپنی زندگی کا سب سے دردناک واقعہ بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ ڈرامے کی ریکارڈنگ کے لیے مری روانہ ہوتے وقت ان کی والدہ نے انہیں سفر پر جانے سے منع کیا تھا اور جمعے کو جانے کا کہا تھا، تاہم بدھ کے روز پہلے سے طے شدہ مصروفیت کے باعث وہ روانہ ہوگئے۔
افتخار ٹھاکر کے مطابق وہ میاں چنوں سے لاہور اور پھر مری پہنچے، جہاں ہوٹل کے دروازے پر ذوالقرنین حیدر اور یونس بٹ نے انہیں دیکھتے ہی گھر فون کرنے کا کہا۔ گھر رابطہ کرنے پر انہیں اطلاع ملی کہ ان کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ والدہ کے انتقال کی خبر سن کر ان پر قیامت ٹوٹ پڑی اور وہ مری سے میاں چنوں واپسی کے دوران پورا راستہ روتے رہے۔ ان کے ذہن میں بار بار یہی خیال آتا رہا کہ کاش وہ اپنی والدہ کی بات مان لیتے اور سفر پر نہ جاتے۔
افتخار ٹھاکر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پوری زندگی اپنے والدین کی نافرمانی نہیں کی تھی، لیکن اس ایک واقعے کا پچھتاوا آج بھی ان کے دل میں موجود ہے۔ والدہ کی آخری نصیحت نہ ماننے کا دکھ ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ لمحہ بن گیا۔