اسلام آباد: پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر نیپال پریمیئر لیگ کے تیسرے سیزن میں بطور تجزیہ کار شریک ہیں، جہاں اسٹیڈیم آمد پر کرکٹ شائقین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ راولپنڈی ایکسپریس کی آمد پر شائقین کا جوش دیدنی تھا اور اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارف عروج جاوید نے اپنے پیغام میں لکھا کہ نیپال پریمیئر لیگ میں بھارت کے سابق مایہ ناز کرکٹر انیل کمبلے سمیت متعدد معروف شخصیات موجود تھیں، تاہم شعیب اختر کی اسٹیڈیم آمد پر شائقین نے غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

پیغام کے مطابق، اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں پر شعیب اختر کی دنیا کی تیز ترین گیند کرانے کی یادگار ویڈیو بھی دکھائی گئی، جبکہ لاؤڈ اسپیکر پر ان کی آمد کا خصوصی اعلان کیا گیا۔ اعلان میں شعیب اختر کو ایسے بولر کے طور پر پیش کیا گیا جس کا سامنا کرنے سے پہلے بلے باز بھی دباؤ محسوس کرتے تھے۔

بعدازاں شعیب اختر نے گراؤنڈ کا چکر لگایا، اس دوران ہزاروں شائقین اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے اور ان کا خیرمقدم کرتے دکھائی دیے۔

شعیب اختر کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے تیز ترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2003 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی تھی، جسے بین الاقوامی کرکٹ کی تیز ترین گیندوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

نیپال میں شائقین کی جانب سے شعیب اختر کے اس استقبال کو ان کی عالمی شہرت اور کرکٹ کے لیے خدمات کی مقبولیت کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم، اس استقبال کو کسی دوسرے کرکٹر کے استقبال سے بڑا قرار دینے کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔