اسلام آباد: کان کنی کے شعبے میں پاکستانی نوجوانوں کو جدید فنی تربیت اور بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے چین کے معروف ادارے پنگذنگشن پولی ٹیکنیک کالج اور نیوٹیک (NAVTTC) کے درمیان تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں پنگذنگشن پولی ٹیکنیک کالج کے وائس پریذیڈنٹ کی سربراہی میں ایک وفد نے نیوٹیک ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں وفد کی چیئرمین نیوٹیک راجہ قمر الاسلام سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے مائننگ کے شعبے میں تین سالہ ڈپلومہ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مجوزہ پروگرام کے تحت طلبہ پہلے دو سال پاکستان میں تعلیم اور تربیت حاصل کریں گے، جبکہ آخری سال چین میں پنگذنگشن پولی ٹیکنیک کالج میں گزاریں گے، جہاں انہیں مفت تعلیم کے ساتھ رہائش اور کھانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ پروگرام مکمل کرنے پر طلبہ کو غیر ملکی ڈپلومہ بھی دیا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستانی فنی تربیت فراہم کرنے والے انسٹرکٹرز کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے انہیں چین بھیجنے اور جدید تکنیکی تربیت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

راجہ قمر الاسلام کے مطابق نیوٹیک اور چینی ادارے کے درمیان یہ تعاون پاکستان میں مائننگ کے شعبے میں ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس اقدام سے پاکستانی طلبہ کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور انہیں ملک کے اندر اور بیرون ملک روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔