اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار سفیر اولارا اوتنو نے یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں بدلتی ہوئی عالمی صورتحال، بین الاقوامی امن و سلامتی اور کثیرالجہتی نظام کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر اسحاق ڈار نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسے مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی فورمز پر طے پانے والی مفاہمتوں اور فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے عالمی نظام کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے بین الاقوامی قانون کے احترام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے بالخصوص فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل عصر حاضر کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
ملاقات کے دوران سفیر اولارا اوتنو نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی طویل عرصے سے جاری خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی اہلکاروں کی شرکت اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستانی قیادت کی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو یوگنڈا کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں پاکستان اور یوگنڈا کے باہمی تعلقات سمیت عالمی سطح پر امن، تعاون اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔