اسلام آباد: چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پاکستان کے پہلے خلا باز گروپ کیپٹن محمد ذیشان علی کی خلا میں نماز ادا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو چھو لیا ہے۔
40 سالہ گروپ کیپٹن محمد ذیشان علی نے 25 نومبر 2026 کو چین کے شینژو-24 مشن کے ذریعے خلا کا سفر کیا اور خلائی اسٹیشن پر پہنچ کر ایک تاریخی اعزاز حاصل کیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مناظر میں انہیں بے وزنی کی کیفیت میں نماز ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے خوشی اور عقیدت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ زمین سے سینکڑوں کلومیٹر بلندی پر بھی ذیشان علی نے اپنی مذہبی ذمہ داری کو یاد رکھا اور نماز ادا کرکے یہ پیغام دیا کہ انسان کامیابی اور ترقی کی کتنی ہی بلندیاں کیوں نہ چھو لے، اسے اپنے خالق سے تعلق نہیں بھولنا چاہیے۔
پاکستانی خلا باز کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے اور صارفین اسے پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خلا کی بے وزنی میں نماز ادا کرنا ایک منفرد تجربہ ہے، جس نے پاکستان کے اس تاریخی خلائی مشن کو ایک جذباتی پہلو بھی دے دیا ہے۔