اسلام آباد: پاکستان میں بھی ایسے نظام اور قیادت کی ضرورت ہے جہاں عہدے سے زیادہ عام کارکن کے مسائل کو اہمیت دی جائے۔
بھارتی کمپنی ٹاٹا اسٹیل سے منسوب ایک دلچسپ واقعہ مؤثر قیادت، انتظامی ترجیحات اور مسائل کے فوری حل کی ایک اہم مثال پیش کرتا ہے، جہاں ایک چیئرمین نے محض ایک انتظامی فیصلے کے ذریعے کارکنوں کے لیے بنیادی سہولت کی صورتحال تبدیل کر دی۔
واقعے کے مطابق، جمشید پور میں ٹاٹا اسٹیل کے چیئرمین کی کارکنوں کے ساتھ ہفتہ وار ملاقات کے دوران ایک ملازم نے کمپنی میں بیت الخلاء کی صفائی اور معیار کے حوالے سے شکایت کی۔ کارکن کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے استعمال کے لیے مختص بیت الخلاء کی حالت انتہائی خراب ہے، جبکہ اعلیٰ افسران کے لیے بنائے گئے بیت الخلاء کی صفائی اور دیکھ بھال کا معیار ہمیشہ بہتر رکھا جاتا ہے۔
چیئرمین نے اس شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اپنے ایک سینئر ایگزیکٹو سے پوچھا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کتنا وقت درکار ہوگا۔ ایگزیکٹو نے ایک ماہ کی مہلت مانگی، تاہم چیئرمین نے کہا کہ وہ یہ مسئلہ صرف ایک دن میں حل کریں گے اور اس مقصد کے لیے ایک بڑھئی کو بلانے کی ہدایت کی۔
اگلے روز بڑھئی کی آمد پر چیئرمین نے دونوں بیت الخلاء کے سائن بورڈ تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ مزدوروں کے لیے مختص بیت الخلاء کے باہر ’’ایگزیکٹو‘‘ جبکہ افسران کے بیت الخلاء کے باہر ’’مزدور‘‘ کا بورڈ لگا دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ہدایت کی گئی کہ ہر پندرہ روز بعد دونوں بیت الخلاء کے سائن بورڈز تبدیل کیے جائیں۔
اس انتظامی فیصلے کے بعد صورت حال میں فوری تبدیلی دیکھنے میں آئی اور چند ہی دنوں میں دونوں بیت الخلاء کی صفائی اور معیار بہتر ہو کر یکساں ہو گیا۔
یہ واقعہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ کسی ادارے میں مسائل ہمیشہ وسائل یا وقت کی کمی کی وجہ سے پیدا نہیں ہوتے بلکہ اکثر ان کی بنیادی وجہ ترجیحات کا غیر منصفانہ تعین اور انتظامیہ کی عدم توجہی ہوتی ہے۔
پاکستان میں بھی سرکاری و نجی اداروں، اسپتالوں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور دیگر عوامی مقامات پر ایسی ہی سوچ اور عملی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، جہاں سہولیات کا معیار عہدے، مرتبے یا حیثیت کے بجائے ہر شہری اور ملازم کی بنیادی ضرورت کے مطابق طے کیا جائے۔
حقیقی قیادت صرف عہدہ رکھنے یا احکامات جاری کرنے کا نام نہیں بلکہ عام آدمی کی آواز سننے، اس کے مسائل کو سمجھنے اور بروقت حل کرنے کی صلاحیت کا نام ہے۔
کیونکہ مسئلہ بذاتِ خود مسئلہ نہیں ہوتا، اصل مسئلہ اسے حل کرنے کے لیے ترجیحات اور ارادے کا فقدان ہوتا ہے۔