تحریر: حاجی نواز رضا
حسین نقی کا 1936میںلکھنؤ سے سفر کا آغاز ہوا اور 90سال بعد پنجاب کے دل لاہور میں اختتام ہوا ۔اہلِ زبان لاہورمیںایسا جا بساکہ ’’لاہوریا‘‘ بن کر سر پر پنجابی ’’ پگ ‘‘ باندھ لی ۔حسین نقی کے نظریات سے اختلاف کیا جا سکتا ہے لیکن ان کی شخصیت میں پنہاں خوبیوں نے انہیں ایک بڑا صحافی ، انسانی حقوق کا علمبردار اور بڑا ٹریڈ یونینسٹ بنا دیا۔ حسین نقی نے صحافت میں نیک نامی کے سوا کچھ نہ کمایا ۔ان کی وفات کو ایک عہد کے خاتمہ سے تعبیر کیا جاتا ہے، کچھ لوگوںنےانکی وفات کوبجاطورپر’’ جرات انکار ‘‘کی آخری آوازقرار دیا ہےجو22نومبر2026ء کو ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئی۔ ان کا تعلق بائیں بازو سے تھا وہ ساری عمر بائیں بازو کے نظریات کا پرچار کرتے رہے اور پوری زندگی اپنے نظریے سے مخلص رہےیہی وجہ ہے کہ وہ دائیں بازو کے حلقوں میں بھی قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ انہوں نے جرات اظہار کے جرم میں جیل کی کوٹھڑی تو کئی بارقبول کی لیکن اپنے نظریے پر سودے بازی نہ کی ۔ میرا تعلق دائیں بازو کی صحافتی تنظیم سے رہاہے لیکن میں ہمیشہ حسین نقی کی ٹریڈ یونین کی صلاحیتوںکا معترف رہا ہوں ان سے زندگی میں ایک بار ہی اسلام آباد میں فافن کی ایک تقریب میں ملاقات ہوئی۔ وہ انگریزی زبان کے صحافی ، انسانی حقوق کے علمبرداراور جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا حوصلہ رکھنے والےتھے اپنی اس روش کے باعث انہیں کئی بار جیل یاترا کرنا پڑی۔ انہوں نے اپنی 90سالہ زندگی میں کبھی طاقت کے سامنے سرنہیں جھکایاحسین نقی کا خاندان1950ءمیں پاکستان آیا انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں پولیٹکل سائنس میں ایم اے میں داخلہ لیا اور بلوچ طلبا کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کی پاداش میں یونیورسٹی سے نکال دئیے گئے۔انہوں نےنیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما کی حیثیت سے ملک بھر میں شہرت پائی 1960ء میں پاکستان پریس انٹرنیشنل جوائن کرلی وہ اس نیوز ایجنسی کےچیف رپورٹر رہے پھر بیورو چیف بن گئے ۔ انہوں نے پاکستان ٹائمز / امروز میں مظہر علی خان اور آئی اے رحمان کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے ’’دی مسلم، دی سن، دی نیوز میں کام کیا اور دی نیوز کے ایڈیٹربھی رہے۔ لکھنؤ کے شہزادے نے پہلا پنجابی روزنامہ’’ سجن‘‘جاری کیا،کبھی سرکاری عہدہ قبول نہیںکیا۔
حسین نقی نےہر آمر کے دور میں جیل یاترا کی ایوب خان کے خلاف طلبہ تحریک میں قید ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کے قریب ہونے کے باوجود شیخ مجیب الرحمن کو اقتدار منتقل نہ کرنے پر ان پر تنقید کی تو انہیں جیل ڈال دیا گیا۔لاہور کے شاہی قلعہ میں ایک سال سے زیادہ عرصہ قید رہے۔ مال روڈ پر ہتھکڑی لگی ہوئی حالت میں چلتے ہوئے جب ان سےکسی نے پوچھا: ”تمہارا جرم کیا ہے؟” تو انہوں نے کہا ’’میں نے ضیاء الحق کا بینک لوٹا ہے ‘‘۔وہ کہا کرتے کہ پاکستان میں آزاد صحافت کیلئےجیل ضرور جانا پڑتا ہے‘‘ حسین نقی اور ذوالفقار علی بھٹو کے درمیان دوستی تھی لیکن جب بھٹو نے 1970ء کے انتخابات کے بعد شیخ مجیب الرحمن کو اقتدار منتقل نہ ہونےدیا تو انہوں نے بھٹوکی کھل کر مخالفت کی ۔ایچ آر سی پی( hrcp) کے بانی ارکان میں سے تھے، اس ادارے میں وہ عاصمہ جہانگیر اور آئی اے رحمان کے ساتھ 30 سال تک فنانس سیکریٹری، نیشنل کوآرڈینیٹر اور کونسل ممبر رہے۔ اقلیتوں، خواتین، جبری گمشدگیوں، مزدوروں کیلئے ان کی رپورٹیں سند کا درجہ رکھتی ہیں۔وہ پاک انڈیا پیپلز فورم کے سرگرم رکن تھے۔کہا کرتے ’’دونوں ملکوں کے مسائل کا حل جنگ میں نہیں، بہتر تعلقات میں ہے‘‘ ۔وہ انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کے سخت مخالف تھے۔ ان کی کتاب ”مجھ سے جو ہو سکا” اور انٹرویوز کی کتاب ”جراتِ انکار” (ڈاکٹر جعفر احمد نے مرتب کی) میں یہی فلسفہ بیان کیا ہے۔ سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد بائیں بازو کے بہت سےلوگ مایوس ہو گئے، لیکن حسین نقی اور آئی اے رحمان اپنے نظریے پر ڈٹے رہے۔2023 میں انہیں ’’احفاظ الرحمان لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘‘ دیاگیا۔وہ مکالمے کے آدمی تھے دائیں بازو کے آغاشورش کاشمیریؒ کے ساتھ پاک ٹی ہاؤس میں چائے پیتے اور دونوں کے درمیان نظریاتی بحث ہوتی، ان کے فیض احمد فیض کے ساتھ بھی تعلقات تھے۔حسین نقی نے جیل کے خوف سے سچ بولنا اور لکھنا نہ چھوڑا؟ان کا کہنا تھا ’’ ہتھکڑی ہو یا شاہی قلعہ ، 90 سال کی عمرمیں سچ ہی لکھنا چاہیے۔ پاکستان کی صحافت میں بعض شخصیات ایسی ہیں جنہیں انکی جدوجہد، نظریے اور تحریک کے حوالےسے پہچانا جاتا ہے حسین نقی کا شمار ان ہی صحافیوں میں ہوتا ہے ۔حسین نقی نے اپنی زندگی میں پی ایف یو جے کے تمام دھڑوں کو متحد کرنے کی کوشش کی لیکن بوجوہ انہیں کامیابی نہ ملی۔
حسین نقی کی شخصیت کا ایک منفرد پہلو پنجابی زبان سے محبت تھا۔انہوں نے 1992ء میں روزنامہ سجن (sajjan) کا اجرا کیا، جسے پاکستان میں پنجابی زبان کے پہلے روزناموں میں شمار کیا جاتا ہے وہ روزنامہ سجن کے مدیر بھی رہے۔ یہ اخبار 1987-88ء میں لاہور سے شروع ہوا، جس میں حسین نقی اور ظفر یاب نے ادارت کی ذمہ داریاں سنبھالیں ان کی خودنوشت’’ مجھ سے جو ہو سکا‘‘صرف ایک صحافی کی ذاتی زندگی کا احوال نہیں بلکہ پاکستان کی سیاسی تاریخ، طلبہ تحریک، صحافت، جمہوریت اور آزادی اظہار کی جدوجہد کا ایک اہم تاریخی حوالہ بھی ہے۔پنجاب یونیورسٹی میں ایک روز ذوالفقار علی بھٹو آئے اور تقریر شروع کی تو ہال میں بیٹھا ایک شخص اپنی کرسی سے اُٹھا اور کہنے لگا’’ تم غریبوں کی باتیںکس منہ سے کر رہے ہوتم تو خود سرمایہ دار جاگیردار ہو‘‘ بھٹو کے عروج کے دور میں کوئی ایسی جرات نہیں کر سکتا تھاایک پولیس افسر بھاگا بھاگا آیا اور اس نے حسین نقی کو حراست میں لینے کی کوشش کی تو بھٹو نے اسے روک دیا اورکہا’’ پیچھے ہٹ جاؤ! دو دانشور آپس میں بات کر رہے ہیں‘‘17نومبر2018ء کو اس وقت کے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے جس طرح کا سلوک حسین حقانی سے کیا وہ ہماری عدالتی تاریخ کا ایک حصہ ہے۔قریباً سات برس بعد لمز یونیورسٹی میں ان کی خود نوشت پر نشست ہوئی تو عنوان پھر یہی ٹھہرا، یہ حسین نقی کون ہے؟یہ سوال ایک جج نے پوچھا تھااوراس کا جواب پریس کلبزسے یونیورسٹیز تک برسوں دیا جاتا رہا۔