راولپنڈی: مین پشاور روڈ پر چیرنگ کراس اور قاسم مارکیٹ انڈر پاسز پر باقاعدہ تعمیراتی کام شروع کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے لیے ڈرینیج سسٹم، زیرِ زمین بجلی اور کیبلز کی منتقلی سمیت دیگر ضروری کام پہلے ہی جاری تھے، جبکہ ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں کی منتقلی بھی کی جا رہی ہے۔

انڈر پاسز کی تکمیل سے شہریوں کو سگنل فری سفر کی سہولت ملے گی اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی متوقع ہے۔ تاہم تعمیرات کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیے جانے سے شہریوں کو عارضی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب قریبی سکولوں میں آن لائن کلاسز سے متعلق والدین کو نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں، جس پر بعض والدین نے بچوں کی تعلیمی کارکردگی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منصوبہ تیزی، معیار اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ عارضی مشکلات کے بعد مستقل ریلیف میسر آ سکے۔