اسلام آباد : سابق وزیراعظم اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) دستور کے صدر حاجی محمد نواز رضا کو صدرِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز دینے کے اعلان پر ان کے اعزاز میں اپنے آرچرڈ فارم میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی صحافتی برادری کی ممتاز شخصیات اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے دیگر سینئر صحافیوں کو بھی خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے آزادیٔ صحافت کے فروغ اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔