اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمے سے بری ہونے والے شہریوں کے کریکٹر سرٹیفکیٹ میں متعلقہ ایف آئی آر کا حوالہ درج کرنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پولیس کو اس حوالے سے واضح طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس ایاز شوکت نے مفادِ عامہ سے متعلق درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ کسی مقدمے میں حتمی بریت کے بعد اس ایف آئی آر کو کریکٹر سرٹیفکیٹ میں ظاہر کرنے کی کوئی قانونی گنجائش نہیں۔ پولیس اپنا اندرونی ریکارڈ محفوظ رکھ سکتی ہے، تاہم بیرونِ ملک سفر یا دیگر مقاصد کے لیے جاری کیے جانے والے کریکٹر سرٹیفکیٹ میں بریت کے باوجود مقدمے کا حوالہ شامل نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے واضح کیا کہ بری ہونے والے شہری کو مجرم کی طرح پیش نہیں کیا جا سکتا اور قانون شہریوں کو جو حق دے چکا ہے، اس کے حصول کے لیے انہیں عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو اس حوالے سے باقاعدہ طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
فیصلے کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک کریکٹر سرٹیفکیٹ میں درخواست گزار کو تفتیش کے دوران ڈسچارج ظاہر کیا گیا تھا اور یہ بھی درج تھا کہ عدالت نے اس سے اتفاق کیا، جسے عدالت نے غلط قرار دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کو اس انداز میں ڈسچارج ظاہر کرنے سے اس کی قانونی حیثیت متاثر ہوئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ بریت کے بعد ایف آئی آر کا حوالہ کریکٹر سرٹیفکیٹ میں برقرار رکھنا آئین کے آرٹیکلز 4، 9، 14 اور 15 کے تحت شہریوں کے حقوق سے متصادم ہے۔ عدالت نے تھانہ شالیمار میں درج ایف آئی آر کا حوالہ کریکٹر سرٹیفکیٹ سے ختم کرنے کی درخواست بھی منظور کر لی۔