لاہور: پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ کی صاحبزادی ماہ نور للہ نے بے سہارا اور بیمار بچے کی دیکھ بھال کرکے انسان دوستی کی خوبصورت مثال قائم کر دی۔ ان کی محبت، توجہ اور مسلسل دیکھ بھال سے ڈیڑھ سالہ بچہ ڈیڑھ ماہ میں صحت یاب ہو کر ہنستا مسکراتا اور شرارتی بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ اور ان کی اہلیہ نے ایک فاؤنڈیشن قائم کر رکھی ہے، جس کے تحت ’’اپنا گھر‘‘ کے نام سے ایک منصوبہ چلایا جا رہا ہے، جہاں بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال اور پرورش کی جاتی ہے۔

اسی منصوبے کے تحت ڈیڑھ سالہ ایک بیمار اور کمزور بچے کو فاؤنڈیشن لایا گیا تھا۔ بچے کی حالت انتہائی خراب تھی اور کمزوری کے باعث وہ اپنے سر کا وزن بھی نہیں اٹھا سکتا تھا، جبکہ اس کی گردن بھی ہر وقت ایک جانب جھکی رہتی تھی۔ بچے کی حالت دیکھ کر ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ کو خدشہ تھا کہ کہیں اس کی زندگی کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو جائے۔

ایسے مشکل وقت میں ان کی صاحبزادی ماہ نور للہ نے بچے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری خود اٹھا لی۔ انہوں نے بچے کو فاؤنڈیشن کے عملے کے حوالے کرنے کے بجائے اپنے گھر اور کمرے میں رکھا اور اس کے علاج، ادویات اور خوراک کا ذاتی طور پر خیال رکھا۔ بہترین ڈاکٹروں سے معائنہ کروانے کے ساتھ ساتھ وہ اس بات کو بھی یقینی بناتی رہیں کہ بچے کو وقت پر دوا اور مناسب خوراک ملے۔

ماہ نور للہ کی ڈیڑھ ماہ کی مسلسل توجہ، شفقت اور دیکھ بھال کے نتیجے میں بچے کی صحت میں نمایاں بہتری آئی اور وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گیا۔ بعد ازاں جب اسے دوبارہ ’’اپنا گھر‘‘ منتقل کیا گیا تو وہ پہلے کی طرح کمزور اور بیمار نہیں بلکہ ایک ہنستا مسکراتا، چنچل اور شرارتی بچہ بن چکا تھا۔

اب صورت حال یہ ہے کہ بچے کو اپنی کوئی خواہش پوری کروانی ہو تو وہ ماہ نور کے پاس پہنچ کر اپنی شکایت کرتا ہے اور اپنی بات منوانے میں کامیاب ہو کر خوشی کا اظہار کرتا ہے۔

ماہ نور للہ کا یہ عمل اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ انسانیت کی خدمت صرف مالی مدد تک محدود نہیں بلکہ کسی بے سہارا بچے کو محبت، وقت اور توجہ دینا بھی ایک عظیم نیکی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو دکھی انسانیت کی خدمت اور بے سہارا افراد کا سہارا بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔