لاہور: تحریک پاکستان کے رہنما، آل انڈیا مسلم لیگ آسام کے صدر، تحریک تکمیل پاکستان کے بانی صدر اور سابق وفاقی وزیر محمود علی کی 20ویں برسی کے موقع پر ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
16 نومبر 2026ء کو تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور ادارہ نظریہ پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ نشست کی صدارت ہلال امتیاز یافتہ صحافی اور بورڈ آف گورنرز کے رکن مجیب الرحمن شامی نے کی۔
اس موقع پر سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل نے نشست کے اغراض و مقاصد بیان کیے، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ مجاہد حسین سید، ممتاز ماہر تعلیم اور صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کاشف ادیب جاودانی اور رہنما تحریک تکمیل پاکستان رانا طارق محمود نے خطاب کیا۔
مقررین نے محمود علی کی تحریک پاکستان اور ملکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی جدوجہد، قومی خدمات اور نظریہ پاکستان سے وابستگی کو اجاگر کیا۔
نشست کے دوران سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ سیف اللہ چوہدری نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔