اسلام آباد: اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے اہل خانہ نے ان کے شوہر احسن کے خلاف قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

مقتولہ کے بھائی خرم احمد نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خاندان کے افراد، جن میں وہ خود، ان کی والدہ اور بہن شامل ہیں، ربیعہ احسن کی موت کو حادثہ سمجھتے ہیں اور مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

خرم احمد کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت وہ خود گھر میں موجود نہیں تھے، تاہم ان کی والدہ اور بہن وہاں موجود تھیں۔

انہوں نے ملزم احسن کے بارے میں کہا کہ وہ انہیں بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور ایک شریف آدمی ہیں۔ ان کے مطابق احسن اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں۔

دوسری جانب ملزم احسن کو آج بدھ کے روز عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

خرم احمد نے مزید کہا کہ ان کے پاس مقدمہ واپس لینے کی قانونی گنجائش موجود ہے اور خاندان اس حوالے سے فیصلہ کرچکا ہے۔