اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے معاون خصوصی مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں غیر قانونی اجتماع اور سڑک بلاک کرنے کے الزام میں مقدمہ نمبر 1212/26 درج کیا گیا تھا، جس میں جے یو آئی (ف) کے کارکنوں پر پولیس پارٹی پر پتھراؤ اور سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق مفتی ابرار پر پولیس اہلکاروں کو سرکاری امور کی انجام دہی سے روکنے اور مزاحمت کرنے کا بھی الزام ہے، جبکہ مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن فور میں فاروق اعظم مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ ہنگامہ آرائی کے باعث شہریوں، مسافروں اور علاقے کے رہائشیوں کو مشکلات اور خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔

عدالت کی جانب سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کردیے ہیں۔