اسلام آباد: 19 نومبر 1988 کو ہونے والے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں ایبٹ آباد اور مری کی سیاست کی دو اہم شخصیات سردار مہتاب احمد خان اور راجہ اشفاق سرور مرحوم نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرکے سیاسی حلقوں کو حیران کردیا تھا۔

دونوں رہنما اس وقت اسلامی جمہوری اتحاد (آئی جے آئی) کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے اور میاں محمد نواز شریف کے سیاسی قافلے کا بھی حصہ نہیں تھے، تاہم انہوں نے اپنی عوامی مقبولیت اور سیاسی اثرورسوخ کی بنیاد پر انتخابی کامیابی حاصل کی۔

حلقہ پی ایف 35 ایبٹ آباد سے سردار مہتاب احمد خان نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے 15 ہزار 803 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ آئی جے آئی کے امیدوار صاحبزادہ محمد اظہر 9 ہزار 729 ووٹ لے سکے۔

اسی طرح حلقہ پی پی 8 مری (راولپنڈی) سے راجہ اشفاق سرور مرحوم نے آزاد حیثیت میں 20 ہزار 696 ووٹ حاصل کرکے میدان مار لیا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار محرّم علی عباسی 15 ہزار 246 ووٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ آئی جے آئی کے امیدوار کرنل (ر) نصیر احمد 6 ہزار 676 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

1988 کے انتخابی ماحول میں آئی جے آئی کے امیدواروں کو شکست دینا آسان نہیں سمجھا جاتا تھا، تاہم سردار مہتاب احمد خان اور راجہ اشفاق سرور نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کرکے اپنی سیاسی طاقت اور عوامی حمایت کا اظہار کیا۔

بعدازاں دونوں رہنما میاں محمد نواز شریف کے سیاسی قافلے میں شامل ہوگئے اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنی سیاسی جدوجہد، عوامی روابط اور سیاسی بصیرت کے باعث دونوں شخصیات نے قومی و صوبائی سیاست میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

یہ انتخابی کامیابیاں اس بات کی مثال بنیں کہ سیاست میں انتخابی ٹکٹ کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد، ذاتی مقبولیت اور سیاسی جدوجہد بھی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔