اسلام آباد: وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبوں کے مکالمے کے فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی روانہ ہوگئے، جہاں وہ 20 سے 22 نومبر تک پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ایس سی او کا پہلا تہذیبوں کے مکالمے کا فورم 20 سے 22 نومبر تک بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوگا، جس میں ڈاکٹر مصدق ملک تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور باہمی تعاون کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
فورم میں ایس سی او کے اندر پاکستان کے تعمیری کردار اور ملک کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا، جبکہ پاکستانی وفد مختلف موضوعات پر ہونے والے اجلاسوں میں شرکت کرے گا۔
دورے کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک کی ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان کی فورم میں شرکت مکالمے، تعاون اور باہمی تفہیم کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او سربراہانِ مملکت کی کونسل کا موجودہ چیئرمین ہے اور آئندہ سربراہی اجلاس سے قبل تنظیم کے متعدد وزارتی اور ماہرین کے اجلاسوں کی میزبانی بھی کرے گا۔