اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومتی پٹرولیم پالیسی میں ساختی اصلاحات اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث اپریل 2026 سے اب تک پٹرول کی قیمت میں 133 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 162 روپے فی لیٹر کمی ہوئی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے لیاقت بلوچ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے فالو اپ ملاقات کی، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور موجودہ ایندھن سبسڈی اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ عام شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنا اور عوامی فلاح و بہبود کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے وفد کی تعمیری گفتگو اور تعاون کو بھی سراہا۔

ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی کے وفد کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں حتمی ملاقات مناسب وقت پر ہوگی۔

ملاقات میں وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزیراعظم کے بین الصوبائی رابطہ کاری کے مشیر اور سیکرٹری پٹرولیم نے شرکت کی، جبکہ جماعت اسلامی کے وفد میں سید فراست شاہ، عنایت اللہ اور ضیاء الدین انصاری شامل تھے۔