مظفر آباد: آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 21 نشستوں پر پولنگ کا وقت شروع ہو گیا ہے۔
ووٹنگ مظفر آباد کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ہو رہی ہے، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر میں موجود کشمیری مہاجرین اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
مظفرآباد کی 9 نشستوں پر 802 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں، جب کہ مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں۔ سیکیورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے سیکریٹری راجا شکیل کا کہنا ہے کہ میرپور ڈویژن کی طرح مظفر آباد میں بھی شفاف انتخابات ہوں گے، مظفر آباد میں حالات پر امن ہیں اور سیکیورٹی فورسز اپنا کام کر رہی ہیں، اور میرپور ہی کی طرح فورسز کوئیک رسپانس دیں گی۔
مہاجر نشستیں
آزاد کشمیر کی 12 مہاجر نشستوں میں سے 4 نشستیں راولپنڈی ڈویژن پر مشتمل ہیں، ایل اے 45،44،43، ایل اے 39 جموں 6، پنڈی، اسلام آباد، جہلم، اٹک، چکوال، مری پر مشتمل ہے۔ مجموعی طور پر 50 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، راولپنڈی ڈویژن میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
بلاول بھٹو
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کشمیر کے لیے ہر بس، روڈ، اسکول اور اسپتال کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہوں لیکن کشمیر کا ووٹ کسی تحفے کی قیمت نہیں ہو سکتا، مظفر آباد کو انصاف اور اختیار بھی چاہیے، کشمیر کو ترقی بھی چاہیے اور حقوق بھی۔
انھوں نے کہا پاکستانی شہری کو ملنے والے حقوق چاہتے ہیں تو آپ کا ووٹ فیصلہ کرے گا، کشمیر کے وسائل اور نوکریوں پر پہلا حق مقامی نوجوانوں کا ہے، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ زمین اور وسائل کشمیر کے ہوں مگر نوکریاں کسی اور کو ملیں، اپنے حق روزگار کے لیے تیر پر مہر لگائیں۔
مسلم لیگ ن
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آزاد کشمیر میں آنے والی حکومت صرف مسلم لیگ ن کی ہوگی، دوسری پارٹیوں کے پاس ن لیگ کے مقابلے کا منشور نہیں۔
انھوں نے کہا سیاسی جماعتیں انتخابی مہم ضرور چلائیں لیکن اپنے کوئی منصوبے بھی بتا دیں۔ خدمت کے میدان میں ن لیگ کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ن لیگ کے ترقیاتی منصوبے پورے ملک میں نظر آتے ہیں۔ کشمیر میں جا کر دیکھیں نواز شریف اور شہباز شریف کے کئی منصوبے ہیں۔