معروف صحافی اور لکھاری سید بدر سعید نے اپنے صحافتی کیریئر کے ابتدائی دور کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی سیکڑوں تحریریں خود اپنے ہاتھوں ایک مخصوص جگہ دفن کرنے پر مجبور ہوئے، جن میں کئی اہم فیچرز، رپورٹس اور انٹرویوز بھی شامل تھے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اپنی تحریر میں سید بدر سعید نے بتایا کہ تقریباً 13 سال قبل روزنامہ دنیا کی ایڈیٹوریل ٹیم چھوڑ کر نوائے وقت میں کام شروع کیا، جہاں انہیں معروف صحافی اور مدیر علی سفیان آفاقی مرحوم کی ٹیم میں کام کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے بتایا کہ فیملی میگزین میں سب ایڈیٹر اور فیچر رائٹر کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے روزانہ کم از کم دو فیچرز لکھنے ہوتے تھے۔ مدیر علی سفیان آفاقی تحریروں کے معیار اور طوالت پر خصوصی توجہ دیتے تھے اور 25 سے 30 صفحات سے کم کے فیچر کو بھی ناکافی قرار دے دیا جاتا تھا۔
سید بدر سعید کے مطابق ادارے میں ایک سرخ ٹوکری رکھی گئی تھی، جس میں ہر تحریر کو کمپوز کروانے کے بعد جمع کرانا لازمی تھا۔ ہر ہفتے تقریباً 12 تحریریں لکھی جاتیں، جن میں سے صرف دو سے چار شائع ہوتیں جبکہ باقی تحریریں ٹوکری میں پڑی رہتی تھیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اس طرح ہر ہفتے کئی تحریریں اشاعت سے محروم رہ جاتیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ان کا کوئی ریکارڈ بھی باقی نہ رہا۔ بعد ازاں ان ٹوکریوں میں موجود مواد غائب ہوگیا، جس میں ان کے بقول کئی نادر و نایاب تحریریں بھی شامل تھیں۔
صحافی نے بتایا کہ ایک مرتبہ جائزہ لینے پر انہیں معلوم ہوا کہ ایسی آٹھ سے دس ٹوکریاں مکمل طور پر بھری ہوئی تھیں۔ انہیں خدشہ ہے کہ یہ قیمتی ادبی و صحافتی مواد بعد میں ردی کے بھاؤ فروخت ہوگیا۔
اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے سید بدر سعید نے کہا کہ اس وقت پورا فیچر لکھنے کے بعد بھی اسے اشاعت کے لیے انتظار کرنا پڑتا تھا، جبکہ آج بعض لکھاری اپنی تحریر میں چند جملوں کی ترمیم پر بھی ناراض ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل لکھنے کی وہ مشق آج ان کے کام آ رہی ہے، تاہم اس بات کا افسوس ہمیشہ رہے گا کہ سرخ ٹوکری ان کی سیکڑوں تحریروں اور ممکنہ شاہکاروں کو اپنے اندر سمو گئی، جن کا آج تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
اپنی تحریر کے وضاحتی نوٹ میں سید بدر سعید نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی صحافتی ادارے، مدیر یا فرد کی تضحیک کرنا نہیں بلکہ ماضی کے صحافتی ماحول، تربیت کے سخت مراحل اور پیشہ ورانہ تاریخ کے ایک اہم پہلو کو محفوظ کرنا ہے۔ انہوں نے علی سفیان آفاقی سمیت تمام متعلقہ شخصیات اور ادارے کے لیے احترام کا اظہار بھی کیا۔