مظفرآباد: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کی ملاقاتوں کا مقصد تقسیمِ کشمیر کے خلاف قومی مؤقف کی تجدید، ریاستی تشخص اور عبوری آئین 1974 کے تحفظ سمیت آزاد کشمیر کو درپیش سنگین مسائل کا جمہوری اور پُرامن حل تلاش کرنا ہے، نہ کہ آزاد حکومت کے خلاف کوئی محاذ بنانا۔

اپنے بیان میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ سیاسی قیادت نے قومی امور پر حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کے مطابق یہ ملاقاتیں حکومت مخالف سرگرمیوں کے بجائے جمہوری طریقے سے معاملات حل کرنے، داخلی خودمختاری کے تحفظ اور بالخصوص پونچھ کے معاملات کو پُرامن انداز میں آگے بڑھانے کے لیے کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی اپنی حکومت ہے اور اسے کوئی خطرہ نہیں۔ قومی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ مؤقف آزاد کشمیر کی سیاسی روایات اور قومی سوچ کا عکاس ہے۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بعض عناصر سیاسی قیادت کی ملاقاتوں کو حکومت کے خلاف قرار دے کر پروپیگنڈا کر رہے ہیں، حالانکہ سیاسی رہنما موجودہ حالات سے نکلنے اور مسائل کے پُرامن حل کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے صدرِ ریاست اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما مسائل کے حل کے لیے خلوصِ نیت سے کام کر رہے ہیں اور سیاسی قیادت انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے معاملات بہتری کی جانب بڑھیں گے۔