تحریر: ساجد منصور قیصرانی
یہ 1980ء کی دہائی کے آخری برسوں کی بات ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی حکومت پنجاب کی صوبائی حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی تھی اور اس مہم کی نگرانی پانی اور بجلی کے وفاقی وزیر سردار فاروق احمد خان لغاری کر رہے تھے۔
لاہور میں واپڈا کا ایک ریسٹ ہاؤس پیپلز پارٹی کی سرگرمیوں کا مرکز تھا۔ میں ان سرگرمیوں اور سیاسی صورتِ حال کا جائزہ لینے اسلام آباد سے لاہور گیا ہوا تھا۔
اس زمانے میں موبائل فون وغیرہ کا کوئی تصور نہیں تھا۔ خبروں کی ترسیل کے لیے پی ٹی سی ایل کی لینڈ لائن استعمال کرنا پڑتی تھی۔
واپڈا کے اُس ریسٹ ہاؤس میں ایک ہی ٹیلی فون تھا۔ ایک روز مجھے اسلام آباد میں نیشنل نیوز بیورو (این این بی) کو فون کرکے خبر لکھوانی تھی۔ میں نے نمبر ملایا تو دوسری طرف کسی نے فون اٹھایا، لیکن آواز ٹھیک طرح نہیں پہنچ رہی تھی۔ میں بلند آواز میں اسے بتانے کی کوشش کر رہا تھا کہ میں ساجد منصور قیصرانی بول رہا ہوں، خبر لکھنے کے لیے کسی سیکرٹری کو فون پر بلائیں۔
اسی دوران تین افراد آ کر میرے اردگرد کھڑے ہو گئے۔ جب میں خبر لکھوا کر فارغ ہوا تو دیکھا کہ سلمان تاثیر، ملک محمد قاسم اور انور عزیز چوہدری میرے اردگرد موجود تھے۔
سلمان تاثیر صاحب سے تو میری پہلے ہی شناسائی تھی۔ چند برس قبل ان کے کیولری گراؤنڈ والے گھر میں ان سے ایک تفصیلی ملاقات ہو چکی تھی۔ باقی دونوں حضرات کے چہرے دیکھے ہوئے تھے، لیکن ان سے پہلے کبھی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔
انور عزیز چوہدری کچھ عرصہ پہلے محمد خان جونیجو کی کابینہ میں وفاقی وزیر رہ چکے تھے۔ چوہدری صاحب نے مجھ سے پوچھا، "قیصرانی صاحب، آپ مجھے جانتے ہیں؟”
میں نے جواب دیا، "زیادہ نہیں”۔
کہنے لگے، "میں انور عزیز چوہدری ہوں۔ اپنے بزرگوں سے پوچھنا کہ ڈاکٹر عزیز، جو لنگڑا کر چلتے تھے، کون تھے۔”
میں نے کہا، "جی اچھا”۔
گھر پہنچ کر میں نے والدہ سے پوچھا کہ کیا وہ کسی ڈاکٹر عزیز کو جانتی ہیں جن کی ایک ٹانگ میںخراب تھی۔ وہ فوراً بولیں، "بالکل، ڈاکٹر عزیز، جو لنگڑا کر چلتے تھے، تمہاری پیدائش کے وقت ڈیرہ غازی خان کے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تھے۔ تمہارے والد سے ان کی بہت اچھی گپ شپ تھی”۔
تب مجھے معلوم ہوا کہ ڈاکٹر عزیز، انور عزیز چوہدری کے والد تھے۔ یوں ایک پرانی خاندانی شناسائی اور چوہدری صاحب کے ڈیرہ غازی خان سے تعلق کا پتہ چلا۔ چوہدری صاحب کے صاحبزادے دانیال عزیز بھی بعد میں سیاست میں آئے اور وفاقی وزیر رہے۔
اس کے بعد ملک محمد قاسم صاحب نے پوچھا، "آپ کن قیصرانیوں کو جانتے ہو؟”
اس زمانے میں ڈیرہ غازی خان سے باہر رہنے والے قیصرانیوں میں سے تقریباً سبھی سے میری شناسائی تھی۔ چنانچہ میں نے جواب دیا، "سب کو”۔
کہنے لگے، "اچھا بتائو ، گورنمنٹ کالج لاہور میں ہمارے زمانے میں کون کون تھے؟”
میں نے جواب دیا” سرفراز صاحب اور نواز صاحب”۔
انہوں نے پوچھا، "وہ تمہارے کیا لگتے تھے؟”
میں نے بتایا کہ وہ میرے والد کے خالہ زاد بھائی تھے۔ یہ سنتے ہی وہ آگے بڑھے، مجھے گلے لگا لیا اور کہنے لگے، "سرفراز صاحب تو ہم سے بڑے تھے، مگر نواز میرا کلاس فیلو اور دوست تھا۔
ملک محمد قاسم اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ (قاسم) کے صدر تھے۔ اُن دنوں وہ وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے مشیر تھے اور وفاقی وزیر کے برابر کا درجہ رکھتے تھے۔
اس ملاقات کے بعد جب بھی ان سے کہیں سامنا ہوتا، بڑی شفقت اور محبت سے ملتے۔ وہ اکثر کہتے کہ کبھی ان کے گھر بھی آؤں، جو ان کے بقول راولپنڈی کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں تھا۔ لیکن اپنی روایتی سستی کے باعث میں کبھی ان کے گھر نہ جا سکا۔
یہ تینوں شخصیات، سلمان تاثیر، انور عزیز چوہدری اور ملک محمد قاسم، اپنے اپنے انداز میں یادگار لوگ تھے۔ اب تو ایسے لوگ ڈھونڈنے پر بھی نہیں ملتے۔