مظفرآباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) حکومت سازی کے لیے مطلوبہ کامیابی حاصل کرچکی ہے، جہاں اب تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

حویلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محسن عزیز کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے اور انتخابی مہم کے دوران کیے گئے ایک ایک اعلان کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی، آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا دور شروع ہوا، اب پنجاب اور وفاق کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔

امیر مقام نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والے شہری مسلسل بھارتی فائرنگ کا سامنا کرتے ہیں، ان کے لیے پختہ بنکرز، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی عوام سے محبت اور مریم نواز کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو واضح مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کا حق نہیں چھینا جائے گا، تاہم کسی کو دوسروں کا حق چھیننے بھی نہیں دیا جائے گا۔

امیر مقام نے حویلی کے عوام سے وعدہ کیا کہ ان کا احساس محرومی دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے محب وطن عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت کا عملی اظہار کیا ہے اور ان کا جذبہ قابلِ فخر ہے۔

انہوں نے لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب رہنے والے کشمیریوں کو پیغام دیا کہ وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، پاکستان ان کا مقدمہ ہر فورم پر لڑتا رہے گا۔

امیر مقام نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء اور غازیوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔