چپورسن: واخان کوریڈور کے قریب پاکستان کی آخری آبادی وادی چپورسن سے آگے واقع بابا غندی کی زیارت کا دورہ کرنے والے ایک شہری نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت کے لیے نئے راستے کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت کو اہم تجویز پیش کی ہے۔

ان کے مطابق بابا غندی کی زیارت تک پہنچنے کے دوران موسم اچانک تبدیل ہوگیا اور درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ شدید سردی، برف پر موٹرسائیکل چلانے اور آکسیجن کی کمی کے باوجود وہ اللہ کے فضل سے علاقے کے آخری مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ بابا غندی کی زیارت سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر افغانستان اور اس کے بعد تاجکستان واقع ہے، تاہم اس جغرافیائی قربت سے پاکستان بھرپور تجارتی فائدہ نہیں اٹھا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت سنجیدگی سے کوشش کرے تو افغانستان کے ساتھ کسی لیز، کرائے یا باہمی معاہدے کے ذریعے ایسا تجارتی راستہ حاصل کیا جا سکتا ہے جس سے پاکستان کو تاجکستان تک نسبتاً مختصر زمینی رسائی مل سکے۔

انہوں نے تجویز دی کہ اس امکان پر سفارتی اور تجارتی سطح پر غور کیا جائے، کیونکہ تاجکستان کے ساتھ براہ راست تجارتی رابطہ نہ صرف ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے بلکہ چپورسن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں روزگار، کاروبار اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کر سکتا ہے۔

ان کے مطابق حکومت کو اس جغرافیائی امکان کو سنجیدگی سے دیکھنا چاہیے تاکہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لیے نئے راستے تلاش کر سکے۔