راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سینئر مسلم لیگی رہنما جاوید انور مغل کے ہمراہ راجہ بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرکزی تاجر رہنما شاہد غفور پراچہ اور دیگر تاجر رہنماؤں سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے راجہ بازار آمد پر ان کے پرتپاک استقبال اور کامیاب دورے کے موقع پر تعاون کرنے پر تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مختلف تاجر رہنماؤں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور تحفظات سنے اور انہیں حل کرنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تاجروں سے خوشگوار ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وہ خود بھی تاجر ہیں اور تاجروں کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ تاجر ان کے بھائی ہیں اور وہ ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تاجر رہنما شاہد غفور پراچہ نے وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کی راجہ بازار آمد اور تاجروں کو وقت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کی تاجروں سے ملاقات اور ان کے مسائل سننا خوش آئند ہے۔

ملاقات کے اختتام پر تاجروں کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا، جبکہ اس موقع پر گروپ فوٹوز بھی بنائی گئیں۔