اسلام آباد: آل پاکستان جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر خورشید احمد قریشی کی سربراہی میں وزیراعظم کے مشیر برائے ٹورزم سردار یاسر الیاس خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اسلام آباد میں جدید سلاٹر ہاؤس، ہول سیل پولٹری منڈی اور کیٹل منڈی کے قیام سمیت گوشت، پولٹری اور مویشیوں کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں جدید سہولیات سے آراستہ سلاٹر ہاؤس قائم کیا جائے تاکہ شہر کی تقریباً 25 لاکھ آبادی کو معیاری، صحت مند اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وفد کا کہنا تھا کہ سلاٹر ہاؤس کی عدم موجودگی کے باعث کاروباری طبقے سمیت شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
ملاقات میں ہول سیل پولٹری اور کیٹل منڈی کے قیام سمیت متعلقہ شعبوں سے وابستہ تاجروں کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔ وفد میں چیئرمین جمعیت القریش پاکستان عبداللہ قریشی، جنرل سیکرٹری جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن و چیئرمین ہول سیل پولٹری ایسوسی ایشن اسلام آباد سردار ظہیر، صدر اسلام آباد پولٹری ریٹیلرز ایسوسی ایشن محمود حسین شاہ، نائب صدور عبدالعزیز قریشی، زاہد مسعود خان اور محمد آصف راجپوت سمیت دیگر عہدیداران شریک تھے۔
اس موقع پر سردار یاسر الیاس خان نے وفد کو مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھانے کا بھی عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش جائز مسائل کے حل اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔