اسلام آباد: تحریک انصاف نے نئے صوبوں اور یونٹس کے قیام کے حوالے سے پارٹی موقف جاری کردیا ۔اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف تمام صوبوں کو پاکستان کی یکساں اکائیاں سمجھتی ہے، صوبوں کے عوام کے درمیان نفرت یا تفریق پیدا کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔

تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی اور مریم نواز کو اپنے الفاظ واپس لینے اور قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

اعلامیے کے مطابق بانی کی صحت کا معاملہ انتہائی اہم اور فوری توجہ کا متقاضی ہے، بانی کو فوری طورپرمناسب طبی معائنے اور علاج کیلئےاسپتال منتقل کیا جائے۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی گئی،اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف عوام کےبنیادی سیاسی حقوق کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جلد بازی میں صوبوں کا قیام وفاق کی یکجہتی کے خلاف ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام سنجیدہ معاملہ ہے۔ صوبوں کے قیام کے لیے متنازع قانون سازی نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس پر بحث ہونی چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ صوبوں کے قیام پر 18 ویں ترمیم جیسا مشاورتی عمل ہونا چاہیے اور اس معاملے کو نئی پارلیمان پر چھوڑ دینا چاہیے کہ وہ آئے تو صوبوں کے معاملے کو دیکھے۔