اسلام آباد :ریجنل ایمبیسیڈرز کانفرنس، جو 14 سے 18 مئی تک اسلام آباد میں منعقد ہوئی، اختتامی مرحلے پر پہنچ گئی۔ اختتامی سیشن کی صدارت نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔

ترجمان وزارتِ خارجہ کے مطابق اختتامی اجلاس میں نائب وزیر اعظم نے گزشتہ کئی روز کے دوران ہونے والی تفصیلی مشاورت اور اہم سفارشات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات ہیں، اور حکومت ان تعلقات کو سیاسی، معاشی اور عوامی روابط کے ہر شعبے میں مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد اقتصادی تعاون کو فروغ دینا، علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانا اور فعال سفارتکاری کے ذریعے روابط کو وسعت دینا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک خصوصاً خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

نائب وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے سفارتی روابط کو مسلسل جاری رکھنے اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ، بیرون ملک پاکستانی مشنز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قریبی رابطہ برقرار رکھیں، سفارتی سرگرمیوں کو مزید فعال بنائیں اور کانفرنس کی سفارشات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔