جب میں ماہنامہ حکایت سے منسلک ہوا تو مجھ پر انکشاف ہوا ۔یہ ڈائجسٹ ایک ہی شخص لکھتا تھا ۔ پورا رسالہ ایک شخص لکھ رہا تھا اور لوگ سمجھتے تھے ملک کے نامور لکھاری اس ڈائجسٹ سے جڑے ہوئے ہیں ۔ یہ کہانی صرف ماہنامہ حکایت کی نہیں ہے ۔ کئی اور ڈائجسٹ بھی ایسے تھے جن میں یہی سب چل رہا تھا ۔
لاہور میں ایم اے راحت صاحب سے ان کے گھر ملاقات ہوئی تو ان کا کمرہ کتب سے بھرا ہوا تھا ۔ وہ ساری کتب ، ناول افسانے انہوں نے لکھے تھے ۔ باتوں باتوں میں کہنے لگے میں نے عمر بھر جتنا لکھا ہے یہ اس کا 25 فیصد بھی نہیں ہے ۔ میرے 75 فیصد ناول میرے نام سے شائع نہیں ہوئے ۔ ایک لمحہ کو دم لینے رکے اور پھر کہنے لگے : میرا ذریعہ روزگار ہی ناول لکھنا ہے ۔ ڈائجسٹ ایک لکھاری کی دو تحریریں نہیں چھاپتا اس لیے مجھے بیک وقت کئی ناموں سے لکھنا پڑا ۔ ایک ہی رسالے میں میرے تین چار سلسلے چل رہے ہوتے تھے ۔ کئی بار خواتین کے نام سے بھی لکھا ۔ اس طرح زیادہ کہانیوں کا معاوضہ مل جاتا ہے تو گھر کا نظام چلتا رہتا ہے ۔وہ مہنگے ناول نگاروں میں شمار ہوتے تھے ۔ انہوں نے لکھنے کے معاوضہ سے ہی لاہور میں کوٹھی بنائی اور بچوں کی شادیاں کیں
یہی کہانی ماہنامہ حکایت میں بھی چل رہی تھی ۔ میرا ایک تھیسز ماہنامہ حکایت کے بانی ایڈیٹر عنایت اللہ مرحوم پر تھا ۔ اسے لکھنے کے دوران انکشاف ہوا کہ حکایت کی انتظامیہ کے پاس عنایت اللہ مرحوم کا مکمل ریکارڈ نہیں ہے ۔ چھت پر ایک کونے میں پرانے شماروں کا ڈھیر لگا ہوا تھا جو موسم کی سردی گرمی سے متاثر ہو رہا تھا ۔ میں دفتر جا کر اپنا کوٹ ایڈیٹر عارف محمود صاحب کے سامنے والی کرسی پر ٹانگتا ، آستین چڑھاتا اور ان بوسیدہ گرد آلود شماروں کو کھنگالتا رہتا کہ کام کی کوئی چیز نکل آئے ۔ عارف محمود صاحب نے اس سلسلے میں اپنی بساط کے مطابق بہت مدد کی تھی ۔ اسی تحقیق کے دوران انکشاف ہوا کہ حکایت کے تمام کردار دراصل عنایت اللہ مرحوم خود ہی تھے اس لیے ان کی وفات کے بعد وہ سارے لکھاری بھی غائب ہو گئے ۔
عارف محمود ایک عرصہ تک ان لکھاریوں کے پرستاروں کے خطوط کے جواب لکھتے رہے اور کبھی ملنے کی خواہش میں دفتر آنے والوں کو یہ کہہ کر ٹالتے جاتے کہ وہ بہت بوڑھے ہونے کی وجہ سے کم ہی تشریف لاتے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ حکایت اس وقت اتنا بڑا "سچ” بولنے کی پوزیشن میں نہیں تھا کہ لوگوں کو مختلف ناموں سے لکھ کر دھوکے میں رکھنے والے عنایت اللہ خود تھے ۔ میں نے پہلی بار اس حوالے سے لکھا تو لوگ پریشان ہوئے ، پھر مزید لکھا اور کچھ کالم بھی لکھے ۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ میں سمجھتا تھا عنایت اللہ جیسے بڑے لکھاری کو مرنے کے بعد ہی سہی ان کی اصل پہچان ملنی چاہیے
عنایت اللہ کا مسئلہ یہ تھا کہ وہ اپنے ڈائجسٹ کے لیے ایک مخصوص معیار کی تحریر چاہتے تھے ۔ اچھا لکھنے والوں کا معاوضہ زیادہ تھا ، کم معاوضہ لینے والوں کا معیار انہیں پسند نہ آیا ۔ جب وہ کسی سے مطمئن نہ ہوئے تو انہوں نے خود ہی مختلف ناموں سے لکھنا شروع کر دیا ۔کرائم فکشن وہ عموما انسپکٹر احمد یار خان کے نام سے لکھتے تھے ، نفسیاتی سلسلہ میم الف کے نام سے لکھتے تھے ، شکاریات پر مبنی کہانیاں صابر حسین راجپوت کے نام سے لکھتے تھے ، تاریخی ناول بھی مختلف ناموں سے لکھتے تھے ۔یہاں تک کہ ان کا سب سے معروف اور بیسٹ سیلر تاریخی ناول "داستان ایمان فروشوں کی ” پر بھی ان کے اپنے نام کی بجائے التمش کا نام چھپا ۔التمش ان کا پوتا تھا جو ناول لکھنے کے وقت فیڈر میں دودھ پیتا تھا ، میری التمش سے ایک ملاقات حکایت کے دفتر میں ہی ہوئی تھی ۔ عنایت اللہ کے کئی قلمی نام مشہور ہوئے اور کئی وقتی تھے ۔ ماہنامہ حکایت میں تاریخی ناول ، کرائم سٹوری ، افسانے ، سچی کہانی ، نفسیاتی ڈاکٹر ، شکاریات سمیت کئی کہانیاں ایک ہی شخص ہر مہینے لکھتا تھا تاکہ ڈائجسٹ کا پیٹ بھرے اور معیار برقرار رہے ۔
بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ پاکستان سے پہلے اور قیام پاکستان کے بعد بھی ایئر فورس میں تھے ۔ پھر ان پر کیس بن گیا اور وہ سزا پا کر جیل چلے گئے ۔ اس قید کے دوران ان کی بیگم پاگل ہو گئیں جو بعد میں صحت یاب ہوئیں ۔ عنایت اللہ رہائی کے بعد کراچی سے لاہور آ گئے ۔ یہاں ملازمت کی اور آخر کار اپنا ڈائجسٹ شروع کر دیا ۔ ان کا رسالہ حکایت آج بھی شائع ہو رہا ہے ۔ حکایت کو چلانے والی اس خاندان کی تیسری نسل یعنی عنایت اللہ کے پوتے وقاص شاہد بھی گزشتہ برس وفات پا گئے تھے ۔
عنایت اللہ کی شہرہ آفاق کتب پہلے ان کا اداریہ مکتبہ حکایت شائع کرتا تھا لیکن اب کئی سال سے علم و عرفان نے ان کا ٹھیکہ لے لیا تھا ۔ اردو بازار میں علم و عرفان کے نام سے قائم ادارے کے پبلشر گل فراز صاحب پورے اہتمام سے ان کی کتب شائع کرتے ہیں ۔ عنایت اللہ مرحوم نے سو سے زیادہ کتب لکھیں ۔ میرے پاس ان کے ایک ناول کا قلمی نسخہ موجود ہے جو انہوں نے قید کے دوران جیل میں لکھا تھا ، اس کے انتساب میں لکھا ہے "ممبئی کے اس جیب کترے کے نام ۔۔۔۔۔” ۔ یہ ایک روزنامچہ ڈائری کی صورت لکھا ہوا ہے جسے بعد میں انہوں نے ناول کی شکل دے دی تھی ۔ مجھے اس بات پر فخر محسوس ہوتا ہے کہ میں عنایت اللہ کے اس ماہنامہ میں لگ بھگ تین سال انچارج انویسٹی گیشن سیل کے طور پر کام کرتا رہا اور تین سال تک میری سٹوریز پر ٹائیٹل بنتا رہا ۔
کیا آپ نے ماہنامہ حکایت پڑھا تھا ؟ کیا آپ نے کبھی عنایت اللہ، محی الدین نواب یا ایم اے راحت کے ناول پڑھے ؟ آپ کو کبھی کسی اور ناول کو پڑھتے ہوئے شک ہوا کہ یہ ناول کسی نامور لکھاری کا لگ رہا ہے ؟ آپ نے اس دور میں کون کون سا رسالہ پڑھا تھا اور کونسا رسالہ آپ کو پسند رہا ؟
(سید بدر سعید )
وضاحت (Disclaimer): یہ تحریر مصنف کی ذاتی یادداشتوں، تحقیق اور پیشہ ورانہ مشاہدات پر مبنی ہے۔ اس کا مقصد اردو ادب اور صحافت کی تاریخ کے ایک اہم باب اور عظیم لکھاریوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، کسی ادارے یا شخصیت کی دل آزاری مقصود نہیں۔