تہران: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تہران پہنچ گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد ایران پہنچ گیا ہے جہاں وہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے اہم بات چیت کرے گا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس سے پہلے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کا تبادلہ کیا جارہا ہے اور مذاکرات کے تسلسل میں ایران آج پاکستانی وفد کی میزبانی کرےگا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں متوقع ہے۔