انطالیہ: پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری ہیں اور معاہدے کے لیے محض کچھ ہی معاملات پر اتفاق ہونا باقی رہ گیا ہے لیکن ہم نے ابھی تک امید نہیں ہاری۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ’دونوں فریقین کے درمیان محض چند معاملات پر اتفاق ہونا باقی رہ گیا ہے اور ہم (معاہدہ) طے کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں کیونکہ اس سے پوری دنیا کا فائدہ ہوگا۔‘
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ’ہم حل طلب معاملات پر اتفاق پیدا کرنے اور خلا پُر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لبنان میں جنگ بندی ہو چکی ہے اور اب اچھی خبر یہ ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمد و رفت کو غیر مشروط طور پر بحال کر دیا ہے، ہم بہت پُرامید ہیں‘ کہ بقیہ مذاکراتی عمل بھی تکمیل کو پہنچ جائے گا۔