اسلام آباد: پاکستان کی سینئر اداکارہ ہما نواب نے اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنی آزادی اور خودمختار زندگی بہت عزیز ہے اور وہ بچوں کی ذمہ داریوں میں الجھ کر اپنی زندگی کو مشکل نہیں بنانا چاہتیں۔

ایک انٹرویو میں ہما نواب نے شادی اور بچوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کو صرف 15 سے 20 منٹ تک برداشت کر سکتی ہیں، اس سے زیادہ وقت ان کے لیے مشکل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ اپنی شادی شدہ سہیلیوں کی زندگی دیکھتی ہیں تو انہیں خوشی ہوتی ہے کہ انہوں نے شادی نہیں کی۔

اداکارہ نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ اگر شادی کا مطلب بچوں کے پیمپر تبدیل کرنا اور انہیں چپ کرانا ہے تو وہ اپنی موجودہ زندگی میں ہی مطمئن ہیں۔

ہما نواب اسلام آباد میں ایک مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1980 کی دہائی کے وسط میں ڈراما سیریل ’سلسلہ‘ سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور 1999 تک مختلف ڈراموں میں کام کرتی رہیں۔ ڈراما سیریل ’چاند گرہن‘ ان کے کامیاب اور یادگار ڈراموں میں شمار ہوتا ہے۔

بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوگئیں، تاہم والدہ کی خواہش کے پیش نظر 2012 میں مستقل طور پر پاکستان واپس آگئیں۔ اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ بیمار رہتی تھیں اور چاہتی تھیں کہ ان کا انتقال پاکستان میں ہو اور انہیں اپنے شوہر کے پہلو میں دفن کیا جائے۔

ہما نواب آج کل زیادہ تر وقت اپنے بہن بھائیوں اور دوستوں کے ساتھ گزارتی ہیں۔ ان کے خیالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے شادی کے بجائے اپنی آزادی، ذاتی ترجیحات اور موجودہ طرزِ زندگی کو اہمیت دی ہے۔