وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فوج، ایف سی اور پولیس نے مشترکہ آپریشن شروع کردیا، اس دہشت گردی کا بلوچستان کے مسائل یا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں بڑی تعداد میں دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فوج، ایف سی اور پولیس نے مشترکہ آپریشن شروع کردیا ہے، بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کا سیاسی مطالبوں سے کوئی تعلق نہیں، ڈیم کی حفاظت کے لیے قائم پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، دہشتگردوں نے یہ حملہ علاقے کو اندھیرے میں دھکیلنے اورپانی تنصیبات کے خلاف کیا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سیاسی بحران، امن و امان یا دہشت گردی کا مسئلہ نہیں بلکہ بھارت کی جانب سے باقاعدہ مسلط کی گئی جنگ ہے، افغانستان بطور پراکسی استعمال ہو رہا ہے، بھارت کے خلاف عالمی فورمز پر ثبوت لے جانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ آزادکشمیر میں کالعدم کمیٹی کا مقصد عام انتخابات کا انعقاد روکنا ہے، کالعدم کمیٹی آزاد کشمیر میں ایک جمہوری عمل کو روکنے کے درپے ہے، آزاد کشمیر میں عام انتخابات کا بروقت انتخابات آئین اور قانون کا تقاضہ ہے۔
خیال رہے کہ مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے تسلسل میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپریشن شعبان جاری ہے اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
5 جولائی سے آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنوں میں مجموعی طور پر 91 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔