اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ روڈ کو وسعت دے کر آئی جے پی روڈ تک 11 ایونیو تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور راولپنڈی، اسلام آباد کے درمیان سفری سہولیات کو جدید بنانے کے لیے 24.5 ارب روپے مالیت کے منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دی ہے۔
منصوبے کے تحت تقریباً 7.5 کلومیٹر طویل شاہراہ آئی جے پی روڈ سے شروع ہوکر اسلام آباد کے سیکٹرز آئی-10، آئی-11، جی-10، جی-11، ایف-10 اور ایف-11 کے درمیان سے گزرتی ہوئی ای-11 انٹرچینج تک جائے گی۔
منصوبے میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہراہ کے دونوں اطراف تین، تین لینز تعمیر کرنے کی تجویز ہے، جس سے گاڑیوں کی آمدورفت میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
منصوبے کے مطابق تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد شاہراہ کو 12 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔