راولپنڈی: راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ قومی خزانے پر مسلسل بوجھ بنتا جا رہا ہے، جبکہ طویل عرصے سے زیرِ التوا رہنے والے اس متنازع میگا منصوبے کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق 38.3 کلومیٹر طویل اور 6 لین پر مشتمل راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا ٹھیکہ مارچ 2022 میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے 22 ارب 82 کروڑ روپے میں حاصل کیا تھا، تاہم راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کی لاگت بڑھتے بڑھتے اب 53 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔

ذرائع کے مطابق اربوں روپے اضافی خرچ ہونے کے باوجود منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے منصوبے کی تکمیل کے لیے متعدد ڈیڈ لائنز دی جاچکی ہیں، جبکہ دو مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے منصوبے کے افتتاح کی نوید بھی سنائی گئی، تاہم پانچ سال گزرنے کے باوجود رنگ روڈ کا باقاعدہ افتتاح نہ ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر آفس میں رنگ روڈ منصوبے سے متعلق ہونے والے اجلاسوں کی تعداد بھی خاصی زیادہ ہے۔ منصوبے کے حوالے سے ہونے والے اجلاسوں کا ریکارڈ نکالا جائے تو ایک عوامی منصوبے پر اجلاسوں کی تعداد غیر معمولی قرار دی جاسکتی ہے۔