راولپنڈی: گنج منڈی، ہزارہ کالونی، پیر ودھائی اور راجہ بازار کو ملانے والے راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ موٹرسائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے آمدورفت دشوار ہوگئی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق راولپنڈی کی نمک منڈی اور گنج منڈی میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کا کام گزشتہ کئی ماہ سے سست روی کا شکار ہے، جبکہ گنج منڈی، پیر ودھائی، ریلوے کالونی اور ہزارہ کالونی کو ملانے والا اہم پل بھی کئی روز سے بند ہے۔

پل کے دونوں اطراف مٹی ڈال کر راستہ بند کیے جانے کے باعث شہریوں کو انتہائی مشکل حالات میں گزرنا پڑ رہا ہے۔ موٹرسائیکل سوار اور پیدل افراد متبادل راستوں کے ذریعے سفر کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ روزانہ آمدورفت کرنے والے شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال طویل عرصے سے جاری ہے اور شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کمشنر راولپنڈی، واسا انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج لائنوں اور پل کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرکے راستے شہریوں کے لیے کھولے جائیں تاکہ آمدورفت میں آسانی پیدا ہو۔