راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی راولپنڈی آمد کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے شرکت کی۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت، منتخب نمائندوں اور کارکنوں نے شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ راولپنڈی کے انتظامات، استقبال اور شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے امور زیرِ بحث آئے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولتوں کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔
مریم نواز شریف کے دورہ راولپنڈی کے دوران مختلف علاقوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کا پروگرام بھی متوقع ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور کارکنوں کو وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے تیاریوں کی ہدایات دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا راولپنڈی دورہ 24 نومبر کو متوقع ہے، جس کے دوران وہ راجہ بازار، کمرشل مارکیٹ سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی۔