اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اور پی ٹی آئی رہنما شاہد خٹک کو مختلف ٹی وی چینلز پر شرکت سے روک دیا گیا ہے۔ ایکس پر بیان میں شفیع جان نے کہا کہ متعدد چینلز پر ان کے ٹاک شوز پہلے سے طے تھے، تاہم آخری وقت میں انہیں بتایا گیا کہ ’’اوپر‘‘ سے فون آنے کے بعد دونوں رہنماؤں پر میڈیا میں آنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
شفیع جان نے پابندی کے مبینہ فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا ان کی طاقت ہے اور وہ اپنی آواز وہاں اٹھاتے رہیں گے۔ تاہم ان کے اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی قیادت کے اجلاس میں لانگ مارچ کو 5 سے 10 اکتوبر تک مؤخر کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ اجلاس میں بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسد قیصر، سلمان اکرم راجا، جنید اکبر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد اور مختلف شاہراہوں کی بندش، اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں اور 6 سے 10 اکتوبر کے درمیان آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔