لاہور: وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال، معاشی امور اور حکومتی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کا بنیادی مقصد سیاسی کشیدگی میں کمی لانا، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں کی بحالی اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت کرنا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیاسی محاذ آرائی کے بجائے حکومت اپنی کارکردگی، عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں سیاسی ڈیڈلاک ختم کرنے اور مختلف سیاسی فریقین کے درمیان رابطے بحال کرنے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خصوصی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ سیاسی جماعتوں اور فریقین سے بات چیت کا آغاز کریں اور سیاسی استحکام کے لیے عملی اقدامات کریں۔
ملاقات میں حکومتی اتحاد کو مضبوط بنانے اور اتحادی جماعتوں، خصوصاً مسلم لیگ (ق)، کے ساتھ زیر التوا معاملات حل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رہنماؤں نے اتحادیوں کے تحفظات اور اختلافات کو بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے جلد دور کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی اور صوبے کے انتظامی معاملات، گورننس اور سیاسی صورت حال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر پنجاب حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات تیز کرنے پر زور دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بلدیاتی انتخابات بھی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل تھے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے لیے متحرک، مخلص اور باصلاحیت نوجوان قیادت کو آگے لایا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر جماعت کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جا سکے۔